آسٹریلیا نے بھارت کیخلاف سیریز کے شیڈول کا اعلان کر دیا
کینبرا (ڈیلی پاکستان آن لائن) کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) نے بھارت کے خلاف سیریز کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے جس کے مطابق سیریز کا پہلا میچ 27 نومبر کو سڈنی میں کھیلا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان سیریز میں چار ٹیسٹ، تین ون ڈے اور تین ٹی 20 میچز کھیلے جائیں گے۔ شیڈول کے مطابق سیریز کے پہلے دو ون ڈے میچز 27 اور 29 نومبر کو سڈنی میں ہوں گے جبکہ تیسرا ون ڈے 2 دسمبر کو کینبرا میں کھیلا جائے گا۔
اعلان کردہ شیڈول کے مطابق ٹی 20 میچز 4 دسمبر، 6 دسمبر اور 8 دسمبر کو کھیلے جائیں گے جبکہ ٹیسٹ سیریز کا پہلا ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ 17 دسمبر سے ایڈیلیڈ میں شروع ہوگا، دوسرا ٹیسٹ 26 دسمبر، تیسرا ٹیسٹ 7 جنوری اور چوتھا ٹیسٹ 15 جنوری سے شروع ہوگا۔ کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق میچز اور سفری پلان حکومتی ہدایات اور پابندیوں سے مشروط ہے۔