فخر زمان ہمیشہ جارح مزاج بلے بازی کیوں کرتے ہیں؟ بالآخر انکشاف کر دیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز فخر زمان نے ہمیشہ ہی جارح مزاج بلے بازی کے پیچھے چھپی وجہ سے پردہ اٹھا دیا ہے جن کا کہنا ہے کہ ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے تیز کھیلنے کا پلان دیا جاتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ورچوئل پریس کانفرنس کے دوران فخر زمان نے کہا کہ ٹی20 اور ایک روزہ فارمیٹ کے ساتھ ریڈبال کرکٹ پر بھی مکمل توجہ دی ہوئی ہے۔ انہوں نے زمبابوے کے خلاف ہوم سیریز میں عمدہ پرفارمنس دینے کی امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیریز میں عالمی ریکارڈ سے متعلق نہیں سوچا، اگر دن اچھا ہوا تو کوئی بھی ریکارڈ بن سکتا ہے۔
اوپننگ بیٹسمین نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کے بعد پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کا آغاز ہونا خوش آئند بات ہے، فارم کے حوالے سے لاہور میں پریکٹس میچز کھیل کر کافی اچھا محسوس کیا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے تیز کھیلنے کا پلان دیا جاتا ہے اور میں کوشش کرتا ہوں کہ ساتھی بیٹسمین پر کم پریشر آئے۔
اوپننگ بیٹسمین نے یہ بھی کہا گیا کہ اگر مینجمنٹ نے مجھے دھیرے کھیلنے کا کہا تو میں اس انداز میں بھی کھیل سکتا ہوں، ٹیم میں اپنی جگہ خطرے میں ہونے کے بجائے ہمیشہ محنت جاری رکھنے اور پرفارم کرنے کے بارے میں سوچا ہے۔