غداری کے سرٹیفکیٹس بانٹنے کی روایات بند ہونی چاہئیں:طلال چوہدری
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ غداری کے سرٹیفکیٹس بانٹنے کی روایات پرانی ہیں لیکن اب یہ روایات کو ختم ہونا چاہیے لیکن پی ٹی آئی اس کو مزید فروغ دے رہی ہے۔
نجی ٹی وی سما ءنیوز کے پروگرام میں گفتگو کر تے ہوئے لیگی رہنما طلال چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ابھی نندن کے متعلق ہونے والی حساس میٹنگ میں شرکت نہیں کی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف نے جو اسمبلی میں بات کی تھی کہ ہمیں اس وقت میٹنگ میں بریفنگ دی گئی تھی کہ ابھی نندن کو چھوڑنے کے ہمیں سفارتی فوائد حاصل ہوں گے لیکن اس کے ہمیں خاطرخواہ کوئی فائدے نظر نہیں آئے ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ نے ماضی کے تجربوں سے کافی سیکھ لیا اور یہ غداری کے معاملات کو ختم کر دیا تھا لیکن تحریک انصاف نے اپوزیشن کو غداری کے سرٹیفکیٹس بانٹنے کی دوبارہ روایت شروع کر دی ہے ۔
ا ن کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان جب ایسی بات کرتے ہیں تو ان کی باتوں پر افسوس ہوتا ہے۔