با با گورو نانک کے جنم دن کی تقریبات، تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں: چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ

با با گورو نانک کے جنم دن کی تقریبات، تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں: چیئرمین ...
با با گورو نانک کے جنم دن کی تقریبات، تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں: چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)  سکھ مذہب کے بانی با با گورو نانک دیو جی کے جنم دن کی تقریبات کے لیے چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈڈاکٹر عامر احمد کے زیر صدارت اعلی سطح کا انتظامی اجلاس  9کورٹ سٹریٹ لاہور میں منعقد ہواجس میں پاکستان سکھ گورو دوارہ پر بندھک کمیٹی کے پردھان سردار ستونت سنگھ ، ایڈیشنل سیکرٹری طارق وزیر ، ڈپٹی سیکرٹر ی (شرائنز ) عمران گوندل، ڈپٹی سیکرٹری فراز عباس ، پی آر او عامر حسین ہاشمی ، کرنل ریٹائرڈ غفور ارشد سمیت امور داخلہ،خارجہ، پولیس، رینجرز، مختلف اضلاع کے ڈی سی او، ڈی پی او،لیسکو، کسٹمز،ریلوے ،امیگریشن اور دیگر اہم اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

متروکہ وقف املاک کے ترجمان کے مطابق اجلاس میں بتایا گیا کہ جنم دن کی تقریبات 27نومبر سے 30نومبر تک جاری رہیں گی ۔بھارت سے یاتری 27نومبر کو واہگہ بارڈر کے راستے پیدل پاکستان داخل ہوں گے ۔ اس مرتبہ بھارت سمیت دنیا بھر سے پہلے سے بڑی تعداد میں سکھ یاتری پاکستان آئیں گے جس کیلئے تمام انتظامات مکمل ہیں۔

چیئرمین بورڈ ڈاکٹر عامر احمد کا کہنا تھا کہ غیر ملکی مہمانو ں کی خدمت اور ان کی سیکورٹی سمیت دیگر سہولیات کے لیے اقدامات سے دنیا بھر میں پاکستان کا امیج بہتر ہو رہا ہے ، کورونا وائرس کے باعث  حکومت کی جانب سے طے کردہ ایس او پیز پر مکمل عملد رآمد کیا جائے گا ۔ گورو دوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں تعمیر و ترقی اور تزئین آرائش کے کام جاری ہیں ،اور تمام گورو دوارہ صاحبان کو خوبصورت انداز میں سجا یا جائے گا۔رہائش، کھانے پینے کے لیے بڑے پیمانے پر انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ ٹرانسپورٹ کے لیے معقول انتظامات کیے جائیں گے ۔

پردھان پاکستان سکھ گورو دوارہ پر بندھک کمیٹی سردار ستونت سنگھ نے جنم دن کے موقع پر بہترین انتظامات پر چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا ۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -