معروف اداکار عثمان مختار بھی کورونا کی دوسری لہر کا شکار ہوگئے
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) معروف اداکار عثمان مختار بھی کورونا کی دوسری لہر کا شکار ہوگئے۔
اداکار عثمان مختار نے انسٹاگرام پر بتایا کہ ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔ ’ میں شکر گزار ہوں کہ آپ جیسے خوبصورت لوگوں کے معاملے میں بھی میں پازیٹو ہوں، یہ وہ لوگ ہیں جو میری صحتیابی کیلئے دعائیں کررہے ہیں۔‘
انہوں نے اپنے مداحوں سے اپیل کی کہ انہیں دعاؤں میں یاد رکھا جائے کیونکہ ابھی وہ صحتیاب نہیں ہوئے ہیں۔
خیال رہے کہ اتوار کے روز ہی عثمان مختار کا ڈرامہ سیریل ’ثبات‘ ختم ہوا ہے۔ ماورہ حسین، سارہ خان اور امیر گیلانی کی مرکزی کاسٹ والے اس ڈرامے نے خوب شہرت حاصل کی ہے۔
یہاں یہ وضاحت بھی ضروری ہے کہ پاکستان میں کورونا کی دوسری لہر کا آغاز ہوچکا ہے جس کے باعث بدھ کے روز نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) نے نئے ایس او پیز جاری کیے ہیں۔ نئے ایس او پیز کے مطابق جمعرات سے ماسک پہننا لازمی ہوگا، پارکس اور تفریح گاہیں شام 6 بجے سے بند کردی جائیں گی جبکہ شادی ہال، مارکیٹس اور شاپنگ سنٹر رات 10 بجے بند کردیے جائیں گے۔