بلاول بھٹو دماغی توازن کھو بیٹھے ہیں:وفاقی وزیراطلاعات شبلی فراز
اسلا م آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی وزیراطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ بلاول بھٹودماغی توازن کھو بیٹھے ، ماضی پر شرمندہ نہیں ہیں، یہ نیا روپ دھار کر پھر عوام کوبیوقوف بنانے آگئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف 15جنوری تک واپس آجائیں گے۔
نجی ٹی وی اے آروائی نیوز کے پروگرام وفاقی وزیرشبلی فراز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی علاقائی جماعت بن کر ر ہ گئی ہے، سندھ میں ان کی عرصہ دراز سے حکومت ہے لیکن صوبے کے حالات دیکھ لیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو دماغی توازن کھو بیٹھے ہیں، ماضی پر شرمندہ نہیں ہیں، یہ نئے روپ دھار کر دوبارہ عوام کو بیوقوف بنانے آگئے ہیں۔ پیپلزپارٹی کی کوئی اہلیت نہیں ، جھوٹ اور کرپشن کا مرکب ہے۔ پیپلزپارٹی نے صوبے کی پولیس کو ذاتی پولیس بنا کر رکھا ہے۔
وفاقی وزیراطلاعات نے دعوی کیا کہ نوازشریف کو15جنوری تک واپس لے آئیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم مجرم کو واپس لارہے ہیں، کسی معصوم کو نشانہ نہیں بنا رہے، نوازشریف کو لانے کے لیے قانونی راستہ اپنا رہے ہیں، نوازشریف کو لانے کے لیے وزیراعظم عمران خان اپنا ذاتی تعلق بھی استعمال کریں گے لیکن ان کو واپس ضرور لائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ برطانیہ کو زیب نہیں دیتا کہ وہ مجرموں کو سہولت دے،برطانیہ کو ایسے لوگوں سے ہمدردی نہیں ہونی چاہیے جو مجرم ہوں۔