”میر ے پاس ویڈیو ہے جس میں وہ ۔۔۔“ آریان خان کیس، این سی بی کے زونل ڈائریکٹر سمیر واکھنڈے کے خلاف بڑی آواز بلند ہو گئی ، حیران کن دعویٰ
ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن )بالی ووڈ کنگ شاہ ر خ خان کے بیٹے آریان خان کے کیس میں روزانہ کی بنیاد پر نئے موڑ آ رہے ہیں اور حال ہی میں این سی بی کے زونل ڈائریکٹر سمیر واکھنڈے پر لگنے والے الزامات نے مقدمے کا رخ ہی موڑ دیاہے تاہم اب مہاشٹرا کے کیبنٹ وزیر نواب ملک کے ایسا دعویٰ کر دیا کہ سمیر بڑی پریشانی میں گھِر گئے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق نواب ملک نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ” سمندری جہاز پر ہونے والی پارٹی ایسے وقت میں ہوئی جب کورونا پروٹوکولز لاگو تھے ، پولیس یا وزارت داخلہ سے کوئی اجازت طلب نہیں کی گئی ، یہ اجازت شپنگ ڈائریکٹر کی جانب سے جاری کی گئی ۔انہوں نے کہا کہ اس ریو پارٹی میں ایک بین الاقوامی منشیات کا بادشاہ موجود تھا لیکن نارکوٹک کنٹرول بیورو کے افسر سمیر واکھنڈے نے اسے جانے دیا ، منشیات کا شہنشاہ واکھنڈے کا قریبی دوست ہے ، یہ بتائیں کہ انہوں نے اس مافیا کے سرغنہ کو وہاں سے کیوں جانے دیا ۔“
نواب ملک کا کہناتھا کہ میرے پاس ریو پارٹی میں ڈرگ مافیا کے سربراہ کی نوجوان لڑکی کے ساتھ ڈانس کرتے ہوئے ویڈیو موجود ہے ، اگر نیشنل کنٹرول بیورو کوئی ایکشن نہیں لیتا تو پھر میں ویڈیو جاری کر وں گا۔ ان کا کہناتھا کہ اصل مسئلہ ریو پارٹی کا نہیں ہے بلکہ واکھنڈے کی جانب سے دستاویزات کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے کا ہے ۔
انہوں نے سینٹرل ویجیلنس کمیشن (سی وی سی ) سے آریان خان کو چھوڑنے کیلئے سمیر واکھنڈے پر شارخ خان سے 25 لاکھ روپے بھتہ طلب کرنے کے الزامات پر تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا ۔اس ہائی پروفائل کیس کے جشم دید گواہ پربھاکر سائل نے الزام عائد کیا تھا کہ سمیر واکھنڈے، کرن گوساوی اور دیگر گواہان اور کچھ این سی بی کے حکام نے شاہ ر خ خان سے 25 لاکھ روپے مانگے ۔