""یہ بلڈنگ بھی فارغ ہو گئی "", سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے تجوری ہائٹس کی اراضی منتقلی کو غیر قانونی قرار دیدیا
کراچی ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) سپریم کورٹ رجسٹری کراچی نے تجوری ہائٹس کی اراضی کی منتقلی کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ واضح ہو گیا کہ اراضی آپ کی نہیں ، اراضی ریلوے کی ہے یا نہیں ، یہ ابھی طے نہیں کر رہے ۔
تجوری ہائٹس کی اراضی منتقلی سے متعلق درخواست پر سماعت سپریم کورٹ رجسٹری کراچی میں ہوئی ، چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیے کہ زمین کی منتقلی کا طریقہ کار ہی غلط اختیار کیا گیا ہے ، ""یہ بلڈنگ بھی فارغ ہو گئی "", اراضی ایک سروے نمبر سے دوسرے سروے نمبر میں کیسے منتقل ہوئی ، سرکاری محکموں میں ٹائٹل تبدیل ہوا ہوگا مگر قانون کے تحت نہیں ، سرکاری محکموں پر دعویٰ کریں وہ آپ کی مرضی ہے ۔ سروے نمبر 190 سے اراضی سروے نمبر 188 میں غیر قانونی طور پر منتقل ہوئی ، اراضی منتقلی کا جو طریقہ اختیار کیا گیا وہ جرم ہے ۔
درخواست گزار کے وکیل رضا ربانی نے کہا کہ 1.7 ایکڑ اراضی ضابطہ کے تحت منتقل ہوئی ، سروے نمبر 190 میں اراضی نہیں تھی ، اس لئے سروے 188 سے نکالی گئی ، عدالت نے ریمارکس دیے کہ آپ نے موکل نے سٹیمپ ڈیوٹی چوری کی ۔ وکیل رضا ربانی نے کہا کہ میر موکلہ شائستہ کے نام زمین منتقلی پر قانون کے مطابق کارورائی ہوئی ۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیے کہ سروے نمبر 188 کی کوئی سیل ڈید ہی نہیں ۔ وکیل رضا ربانی نے کہا کہ میری موکلہ نے تو صرف اراضی خریدی ہے ۔