پاکستان میں مہنگائی سے تنگ لوگ ملکی قیادت میں بڑی تبدیلی چاہتے ہیں: چودھری نورالحسن تنویر
بہاولپور(طاہر منیر طاہر) جب سے موجودہ حکومت برسراقتدار آئی ہے تب سے ملکی حالات سنبھل نہیں رہے اور حالات مسلسل تنزلی کا شکار ہیں۔ روزانہ کی بنیاد پر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کا بڑھنا معمول بن گیا ہے جبکہ بجلی پٹرول اور چینی کی قیمتوں میں آئے روز اضافہ نے عوام الناس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ عام آدمی کا جینا محال ہوچکا ہے۔ لوگوں کو بنیادی سہولیات بھی نہیں مل رہیں۔ ان خیالات کا اظہار چودھری نورالحسن تنویر ایم این اے، صدر پی ایم ایل بہاولپور ڈویژن و جنرل سیکرٹری پی ایم ایل این انٹرنیشنل افیئرز نے گزشتہ دنوں بہاولپور میں مہنگائی کے خلاف ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ریلی میں ان کے ساتھ خالد محمود چیمہ صدر بہاولپور، خالد محمور سردار ایم پی اے و جنرل سیکرٹری رانا طارق، سردار منور ڈوگر سینئر وائس پریذیڈنٹ بہاولپور، نوید خلیل صدر لائرز ونگ، جمعیت العلمائے اسلام کے علماءکرام، جمعیت اہل حدیث کے سید عمر اور پی ایم ایل این خواتین ونگ ضلع بہاولپور کی صدر رفعت بھٹی اور دیگر ہزاروں لوگوں نے ریلی میں شرکت کی اور مہنگائی کے خلاف مارچ کیا۔
چودھری نورالحسن تنویر اور دیگر مقررین نے تقاریر کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی سے تنگ آئے ہوئے لوگ اب ملک میں بڑی تبدیلی کے خواہاں ہیں کیونکہ موجودہ قیادت ہر لحاظ سے ملکی نظم و نسق سنبھالنے میں ناکام رہی ہے اب موجودہ حکمرانوں کو زیادہ دیر حکومت میں رہنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔ لہٰذا حکومتی کارندوں کو چاہیے کہ وہ حکومت چھوڑ دیں اور اپنے گھر جائیں تاکہ اہل لوگ آگے آسکیں۔ مقررین نے کہا کہ ”تنگ آمد بجنگ آمد“ کے مصداق لوگ اب حکومت اور مہنگائی کے خلاف سڑکوں پر نکلنے کے لئے مجبور ہوگئے ہیں۔ حکومت اپنی نااہلی چھپانے کے لئے عوام الناس کو گمراہ کررہی ہے۔ ملک اس وقت مہنگائی، بے روزگاری، بدامنی اور اقرباءپروری کی زد میں ہے۔ عام آدمی کا جینا دوبھر ہوگیا ہے اور ملک میں کرپشن کا دور دورہ ہے۔
پی ایم ایل این فیصل آباد کے جنرل سیکرٹری آزاد علی تبسم سابق ایم پی اے نے بھی اپنے علاقہ میں مہنگائی کے خلاف نکالی گئی ایک ریلی کی قیادت کی اور حکومت کے خلاف عوامی احتجاج ریکارڈ کرایا۔ پی ایم ایل این کے قائدین کے مطابق موجودہ صورتحال کا صرف ایک حل ہے کہ عام انتخابات کرائے جائیں تاکہ اہل لوگ آگے آئیں چودھری نورالحسن تنویر نے کہا کہ پی ایم ایل این برسراقتدار آکر عوام الناس کو تمام معاملات میں ریلیف دے گی۔