اخوت سویڈن کے انتظامی بورڈ کا اجلاس، کارکردگی پر اظہار اطمینان

اخوت سویڈن کے انتظامی بورڈ کا اجلاس، کارکردگی پر اظہار اطمینان
اخوت سویڈن کے انتظامی بورڈ کا اجلاس، کارکردگی پر اظہار اطمینان

  

سٹاک ہوم (حافظ محمد عمران)  سویڈن میں اخوت سویڈن کے انتظامی بورڈ کا اجلاس صدر عارف محمود کسانہ کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں  تنظیم کے عہدیدار شریک ہوئے۔  اس کے علاوہ مختلف شہروں سے نمائندگان اور اخوت فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی بورڈ کے رکن ابوبکر صدیق نے آن لائن شرکت کی۔ اجلاس میں اخوت سویڈن کی کارکردگی پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے مستقبل کے پروگراموں کی منصوبہ بندی کی گئی۔

 اخوت سویڈن کے شعبہ خواتین کے تحت ڈاکٹر محمد امجد ثاقب کو رامون میگسیسے ایوارڈ ملنے کی خوشی میں 13 نومبر کو ایک پروگرام مسسز لوہسر کی نگرانی میں ترتیب دیا گیا ہے جس میں خواتین کی بڑی تعداد شریک ہوگی۔ اس موقع پر اخوت کے چئیرمین ڈاکٹر امجد ثاقب شرکاء سے لائیو خطاب کریں گے۔ یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ اخوت سویڈن کا سالانہ گرینڈ پروگرام اگلے سال 26 مارچ کو سٹاک ہوم میں ہو گا جس میں اخوت فاؤنڈیشن پاکستان کے چئیرمین ڈاکٹر محمد امجد ثاقب مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کریں گے۔ 

پاکستان میں ضرورت مندوں کو اخوت کلاتھ بینک کے تحت سویڈن سے استعمال شدہ کپڑے مفت فراہم کئے جائیں گے۔ اس غرض سے سویڈن میں استعمال شدہ کپڑے اکٹھے کرنے کی مہم شروع کی جائے گی اور پھر وہ کپڑے پاکستان بھیجے جائیں گے۔ اس حوالے سے  مسعود منہاس کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔بورڈ کے اجلاس میں اخوت سویڈن کے سیکریٹری مالیات مرزا قیصر نے حسابات پیش کئے اور بتایا کہ اخوت کو عطیات دینے والوں کی تعداد میں دوگنا اضافہ ہوا ہے۔

مزید :

تارکین پاکستان -