شہر قائدکا سب سے بڑا مسئلہ کیا ہے اور مسائل کیوں جنم لیتے ہیں ؟مرتضیٰ وہاب کا ایسا اعتراف کہ ہر کوئی دنگ رہ جائے

شہر قائدکا سب سے بڑا مسئلہ کیا ہے اور مسائل کیوں جنم لیتے ہیں ؟مرتضیٰ وہاب کا ...
شہر قائدکا سب سے بڑا مسئلہ کیا ہے اور مسائل کیوں جنم لیتے ہیں ؟مرتضیٰ وہاب کا ایسا اعتراف کہ ہر کوئی دنگ رہ جائے

  

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)ایڈمنسٹریٹر کراچی اور ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضی وہاب نےکہا ہے کہ  سندھ حکومت کے ساتھ اب میں کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کا بھی ترجمان ہوں، اس شہر کا سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ جس کو جو کام کرنا چاہئے وہ نہیں کر رہا ،جسکی وجہ سے مسائل جنم لیتے ہیں، یہ شہر ماضی میں تنزلی کا شکار ہوا، ہم سے اس کی دیکھ بھال میں کوتاہی ہوئی، جب تک غلطی کا اعتراف نہ ہو بہتری نہیں آسکتی، میں نے ہمیشہ یہی کہا ہے کہ یہ میرا اپنا شہر ہے۔

 کراچی میں کتاب  کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئےبیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ  ہمیں دوسروں کو الزام دینے کے بجائے اپنی ذمہ داری نبھانی چاہئے، کے ایم سی میں ٹرانسفر، پوسٹنگ سے دلچسپی نہیں، جو کام کرے گا اسے سپورٹ کروں گا، پچھلے تین ماہ میں کے ایم سی کے ملازمین کو ایک سمت نظر آئی ہے اور ادارہ بہتری کی طرف گامزن ہے، اس میں کراچی کے شہریوں کا بھلا ہے۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ کے ایم سی ملازمین میں بہت صلاحیت ہے اور یہ شہر کی خدمت کرسکتے ہیں، انہیں سپورٹ اور اعتماد دلانے کی ضرورت تھی، اچھا کام کرنے والوں کو سراہا جارہا ہے، شہر کے ساتھ کے ایم سی ملازمین کی فلاح و بہبود کے لئے بھی کام کر رہے ہیں ۔

بیرسٹر مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے شہر کے حقوق کے لئے آواز اٹھانی چاہئے، فادر آف دی سٹی کی حیثیت سے شہر کی ترجمانی نہ کرسکوں تو مجھے اس عہدے پر رہنے کا کوئی حق نہیں ہے، تبدیلی 30 دن یا 30 ماہ میں نہیں آتی ،اس میں کئی ماہ لگ سکتے ہیں لیکن ہماری نیتیں اور سمت ٹھیک ہے، کام کی لگن ہے، عوام اور میڈیا کی طرف سے سپورٹ کی ضرورت ہے، بہترین کوآرڈینیشن کے ساتھ اس شہر کی رونقیں ضرور بحال کرینگے، چاہے ہمیں دن رات کام کرنا پڑے ۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ہمیشہ حق اور سچ کی بات کرنی ہے، تفریق کی سیاست ختم کرکے اتفاق کی سیاست بحال کریں، ماضی میں جو ہوا،سو ہوا ،آج ہمیں شہر کی بہتری کے لئے مل کر کام کرنا ہے، مشترکہ جدوجہد ہی سے اس شہر کا وقار بحال کیا جاسکتا ہے، ایک دوسرے پر بے کار  تنقید سے کچھ حاصل نہیں ہوگا، اس سے شہر اور شہریوں کا نقصان ہوگا اور فائدہ اٹھانے والے فائدہ حاصل کرینگے، ہم عہد کریں کہ کراچی کی ترقی کے لئے سچائی کے ساتھ کام کرینگے۔

مزید :

علاقائی -سندھ -کراچی -