ڈانس کے دوران غلطی سے نورا فتحی کو ہاتھ لگنے پر ہراسگی کے الزام کا سامنا کرنے والا ڈانسر بالآخر بول پڑا
ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) دو سال قبل بھارت کے مرد ڈانسر اور کوریو گرافر ٹیرنس لوئس کا ایک ٹی وی شو کے دوران غیرارادی طور پر معروف ڈانسر نورا فتحی کے جسم پر ہاتھ لگ گیا تھا جس پر سوشل میڈیا صارفین نے خوب شوروغوغا کیا اور ٹیرنس لوئس پر جنسی ہراسگی تک کا الزام عائد کر دیا۔اتنے عرصے بعد بالآخر ٹیرنس لوئس بھی اس واقعے پر بول پڑے ہیں۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق منیش پاﺅل کی پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے گزشتہ دنوں ٹیرنس لوئس نے کہا ہے کہ وہ ایک عام سی صورتحال تھی۔ اگر میرا ہاتھ نورا فتحی کو لگا بھی تھا، تو مجھے تو اب یاد بھی نہیں۔“
ٹیرنس لوئس نے کہا کہ ”ڈانس انڈیا ڈانس کی اس قسط میں شتروگھن سنہا اور ان کی اہلیہ بطور مہمان آئے تھے۔ گیتا کپور نے کہا کہ ہمیں مکمل نمسکار کے ذریعے ان کا استقبال کرنا چاہیے۔ اسی دوران غیر ارادی طور پر میرا ہاتھ نورا کو لگا اور مجھے اس کا احساس بھی نہیں ہوا۔جب سوشل میڈیا پر ہمارا ویڈیو کلپ وائرل ہوا، تب مجھے اس کا احساس ہوا، تاہم یہ ایک مکمل غیرارادی فعل تھا۔
واضح رہے کہ اس واقعے پر نورا فتحی کا ردعمل انہی دنوں سامنے آ گیا تھا۔ جب سوشل میڈیا پر تنقید شروع ہوئی تو نورا فتحی نے اپنی ایک پوسٹ میں لکھا کہ ”مجھے خوشی ہے کہ ٹیرنس لوئس سوشل میڈیا پر بننے والی میمز اور تنقید سے پریشان نہیں ہوئے اور انہوں نے بہترین انداز میں میرا ساتھ دیا۔ مجھے ٹیرنس کے ساتھ بطور جج رئیلٹی شو میں کام کرنے پر فخر ہے۔ ڈانس انڈیا ڈانس کی ٹیم کے ساتھ کام کرکے بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔“نورا فتحی کے اس بیان کے بعد ٹیرنس لوئس پر ہونے والی تنقید دم توڑ گئی تھی۔