فلم ’’وار‘‘ کے پروڈیوسرحسن وقاص رانا کی میڈیکل رپورٹ جعلی ضمانت منسوخ
لاہور ( فلم رپورٹر ) پاکستانی فلم انڈسٹری کی تاریخ میں سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم ’’وار‘‘ کے پروڈیوسرحسن وقاص رانا کی میڈیکل رپورٹ جعلی ثابت ہونے پرڈسٹرک کورٹ اسلام آباد نے ضمانت منسوخ کرتے ہوئے گرفتاری کا حکم دیدیا۔ اسلام آباد کے تھانہ کوہسارپولیس نے وقاص حسن رانا کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارنا شروع کردیئے۔ معلوم ہوا ہے کہ حسن وقاص رانا نے اپنی فلم کے ڈائریکٹربلال لاشاری کی جانب سے منافع کی طے شدہ رقم کی ادائیگی نہ کرنے پردرج مقدمہ سے بچنے کے لئے گوجرانوالہ کے نواحی گاؤں میں واقعہ ہسپتال کا میڈیکل سرٹیفیکٹ لگاکرکورٹ میں پیش نہ ہونے کی اجازت لے رکھی تھی لیکن تحقیقات کے بعد معلوم ہوا یہ میڈیکل جعلی ہے، جس پرڈسٹرکٹ کورٹ اسلام آباد کے جج راجا خرم علی خان نے حسن وقاص رانا کی ضمانت منسوخ کرتے ہوئے انہیں گرفتارکرنے کے احکامات جاری کئے تھے۔ کورٹ کی طرف سے ضمانت منسوخ ہوتے ہی حسن وقاص رانا کی گرفتاری کیلئے پولیس نے مختلف مقامات پرچھاپے مارے ہیں لیکن انہیں گرفتارکرنے میں ناکام رہی ہے۔ اس سلسلہ میں رابطہ کرنے پر بلال لاشاری کے وکیل رب نواز بلوچ نے بتایا کہ حسن وقاص رانا نے جعلی میڈیکل سرٹیفیکٹ کورٹ کودیا تھا جس پرکورٹ نے جہاں ان کی گرفتاری کاحکم دیا ہے اوراس کے ساتھ ساتھ جعلی میڈیکل سرٹیفیکٹ دینے پران کیخلاف ایف آئی آر بھی درج کروادی گئی ہے۔ متعلقہ تھانے کی پولیس حسن وقاص رانا کی گرفتاری کویقینی بنانے کیلئے چھاپے ماررہی ہے ۔