صنعتکار تجارت ہی نہیں انسانیت کی خدمت میں بھی مصروف ہیں‘شیخ محمد تحسین

صنعتکار تجارت ہی نہیں انسانیت کی خدمت میں بھی مصروف ہیں‘شیخ محمد تحسین

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اکنامک رپورٹر)فیڈرل بی ایریا ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ محمد تحسین نے کہا ہے کہ صنعتکار صرف تجارت نہیں کررہا بلکہ انسانیت کی خدمت میں بھی مصروف ہے۔ یہ بات انہوں نے ستارہ امتیاز نجیب دانہ والا، تمغہ امتیاز مہتاب چاﺅلہ اور عتیق الرحمن کے اعزاز میں دی گئی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے تینوں شخصیات کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی خدمات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ نامساعد حالات کے باوجود تاجر اور صنعتکار کاروبار کے ذریعے نہ صرف ملک کی خدمت کررہے ہیں بلکہ فلاح و بہبود کی سرگرمیوں میں بھی مصروف ہیں، ان کی سرپرستی میں اسکول، کالج، اسپتال، غریب اور نادار کی امداد جس احسن طریقے سے کی جارہی ہے وہ قابل ستائش ہے اور حکومت نے بھی اسی وجہ سے ان لوگوں کو اعلی اعزازات سے نوازا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین وائس آف کراچی انڈسٹریلسٹ تمغہ امتیاز مہتاب چاﺅلہ نے کہا کہ ہمیں فلاحی خدمات پر اعزاز سے نوازا گیا مگر تاجروں اور صنعتکاروں کو کاروباری خدمات پر بھی یاد رکھنا چاہیے اور سول ایوارڈ دیے جانے چاہیئں۔ انہوں نے کاروبار سے ریٹارمنٹ لینے والے اپنی برادری کے سینیئر افراد سے اپیل کی کہ وہ بھی فلاح و بہبود کے لیے آگے آئیں کیونکہ اسی میں دل کا سکون موجود ہے اور انسانیت کی خدمت کرکے ہم اللہ تعالی کی خوشنودی بھی حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے حالات کی وجہ سے بیرون ملک سرمایہ منتقل کرنے والوں پر تنقید کی اور کہا کہ ایسا کرکے ہم پاکستان کی تباہی میں شامل ہورہے ہیں ، ہمیں اس ملک نے بہت کچھ دیا ہے اور یہاں پر اب بھی بہت سے کاروباری مواقع موجود ہیں۔ تمغہ امتیاز عتیق الرحمن نے بھی انہی خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ تجارت بھی ایک طرح سے خدمت ہے کیونکہ اس سے کروڑوں لوگوں کو روزگار فراہم مل رہا مگر ساتھ اگر انسان کی خدمت کی جائے تو یہ زندگی کا حاصل ہے۔
 رینجرز اسپیشل ٹاسک فورس کے ڈائریکٹر ستارہ امتیاز نجیب دانہ والا اغوا کاروں کے خلاف آپریشن کی وجہ سے تقریب میں شامل نہ ہوسکے ان کی نمائندگی کرتے ہوئے ادریس گیگی نے کہا کہ یہ تمام شخصیات انتہائی قابل احترام ہیں جنہوں نے مصروفیات کے باوجود اپنی زندگی انسانیت کی خدمت کے لیے وقف کردی ہے۔

مزید :

کامرس -