احتجاجی راستہ نہ اپنایا توغلامی کی رات طویل ہوتی جائیگی، پیپلز لائرز فورم

احتجاجی راستہ نہ اپنایا توغلامی کی رات طویل ہوتی جائیگی، پیپلز لائرز فورم

  

لاہور (نامہ نگار خصوصی ) پیپلز لائرز فورم پنجاب کے سابق صدر میاں حنیف طاہر نے کہا ہے کہ حکمران ملک کو انارکی کی جانب دھکیل رہے ہیں اگر عوام نے احتجاجی راستہ نہ اپنایا تو ان کی غلامی کی رات طویل تر ہوتی جائے گی میاں حنیف طاہر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کے تمام حکومتی ادارے بری طرح کرپشن میں ملوث ہیں اور ایک دوسرے کا تحفظ کر رہے ہیں نواز شریف خاندان بینکوں کا 334ملین کا مقروض ہے اور اصغرخان کیس کے حوالے سے بھی میاں نواز شریف کا نام منظر عام پر آچکا ہے ، شریف برادران کے جھوٹ کی داستان بہت لمبی ہے اور ان کے جھوٹ بولنے کا ثبوت پوری دنیا میں موجود ہے اس کے باوجود کہ میاں نواز شریف کے کاغذات نامزدگی میں یہ بھی حلف دیا ہے کہ ان کا ذاتی کوئی گھر نہیں ہے اور اپنے والدہ کے گھر مقیم ہیں ایسے ٹھوس ثبوتوں کی موجودگی میں اگرکوئی شخص الیکشن کے لیے اہل قرار پاتا ہے تو یہ نظام کی ناکامی کی بدترین مثال ہے اوراس کے بعد پاکستان کا کوئی شخص الیکشن سے نا اہل قرار نہیں پا سکتا انہوں نے کہا کہ عوام کو اپنے حقوق کی جنگ سڑکوں پر آکر لڑنا ہو گی کیونکہ آئینی اداروں میں موجود مفاد پرست لوگ موجودہ کرپٹ بوسیدہ سرمایہ دارانہ نظام کو بچانے کے لیے آخری حد تک جا سکتے ہیں ۔

پیپلز لائرز فورم

مزید :

صفحہ آخر -