سندھ میں آٹے کی سرکاری ایکس مل قیمت 39.50 روپے پر برقرار
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک )سندھ میں آٹے کی موجودہ ایکس مل قیمت کم ہونے کے باوجود سرکاری نرخوں کو دو روپے زیادہ پر برقرار رکھا گیا ہے،مارکیٹ میں آٹا سستا ہونے کے باوجود صوبائی وزیرخوراک سندھ کے اعلان سے شکوک شبہات جنم لینے لگیں ہیں۔شہر قائد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خوراک سندھ جام مہتاب ڈہر نے صوبے میں آٹے کی ایکس مل قیمت 39 روپے 50 پیسے پر برقرار رکھنے کا اعلان کیا جبکہ اس وقت فلور ملرز نے یہ نرخ 37 روپے 50 پیسے مقرر کیے ہوئے ہیں۔میڈیا سے گفتگومیں وزیر خوراک سندھ نے انکشاف کیا کہ سیکریٹری خوراک کی فلور ملرز سے ملاقات میں قیمت طے کی گئی، فلور ملرز صرف ایک مہینے تک 37 روپے 50 پیسے پر آٹا بیچ سکیں گے۔دوسری جانب فلور ملرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین میاں محمود نے میڈیا کو بتایا کہ مہنگی سرکاری گندم ملنا شروع ہوئی تو آٹے کے نرخ دو روپے بڑھا دیے جائیں گے۔ماہرین کے مطابق اس ساری صورت حال میں سوال پیدا ہوتا ہے کہ سرکاری قیمت کم نہ کیے جانے سے فلار ملرز کو آٹا مہنگا کرنے کی اجازت مل گئی ہے اوراس اعلان سے اگر سندھ میں آٹا مہنگا ہوجاتا ہے تو اس کاذمہ دار کون ہوگا؟