تحریک انصاف کے لاہور میں جلسے کے موقع پر بیوٹی پارلر کی ’خصوصی آفر ‘
سیالکوٹ(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے لاہور میں جلسے کے موقع پر سیالکوٹ میں موجود ایک بیوٹی پارلر کی جانب سے ایک ’خصوصی آفر‘ پیش کر دی گئی ہے، جس میں آج جلسے میں جانے والی تمام خواتین کو بال کٹوانے، میک اب، فیشئل ، مساج سمیت تمام خدمات مفت دستیاب ہیں۔ بیوٹی پارلر کی مالک کا کہنا تھا کہ انہوں نے یہ اعلان اس امید پر کیا ہے کہ زیادہ سے زیادہ کارکنان جلسے میں شرکت کے لئے روانہ ہوں گے اور آج کا جلسہ تاریخی ہو گا۔ بیوٹی پارلر میں موجود ایک خاتون نے میڈیا سے بات میں اس آفر پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم جلسے میں تو ویسے بھی جا رہی تھیں مگر اب خصوصی ’تیاری‘ کے بعد جا رہی ہیں۔