ٹیکس چوری کے الزام میں سٹار فٹ بالر نیمار کے اثاثے منجمد

ٹیکس چوری کے الزام میں سٹار فٹ بالر نیمار کے اثاثے منجمد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ساؤپولو ( نیٹ نیوز) ٹیکس چوری کے الزام میں عالمی شہرت یافتہ برازیلین فٹ بالر نیمار کے تمام اثاثے منجمد کردیئے گئے جس نے ان کے کاروبار کو شدید متاثر کیا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق بارسلونا کے سٹرائیکر 23 سالہ نیمار پر ٹیکس چوری کے الزام میں ان کے اثاثے جن کی کل مالیت 4 کروڑ 76 لاکھ ڈالر ہے منجمد کردیئے گئے ہیں اور انہیں ہر قسم کی مالی ٹرانزیکشن سے روک دیا ہے۔ میڈیا کے مطابق نیمار پر الزام ہے کہ انہوں نے 2011 ء سے 2013ء کے درمیان ایک کروڑ 60 لاکھ ڈالر مالیت کی ٹیکس چوری کی اور یہ چوری اس وقت کی گئی جب وہ سینٹوز کلب چھوڑ کر بارسلونا کلب جوائن کر رہے تھے۔ برازیل کے شہر ساؤپولو کی عدالت کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی نقطہ نظر سے نیمار کے اثاثے منجمند کئے گئے تاکہ وہ انہیں کیس کے دوران نہ بیچ سکیں تاکہ ان سے ٹیکس چوری اور جرمانے کی رقم وصول کی جاسکے۔ جج کا کہنا تھا کہ نیمار بیرون ملک سے حاصل ہونے والی انکم کا ریکارڈ پیش نہ کر سکے۔ دوسری جانب نیمار کے والدین کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ان کے بیٹے نے ٹیکس چوری نہیں کی اور نہ ہی وہ اس بزنس کا حصہ ہے جس کا ذکر عدالت نے اپنے فیصلے میں کیا ہے۔ واضح رہے کہ نیمار کا شمار دنیا کے چند بہترین فٹ بالرز میں ہوتا ہے اور ان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ ایک ہفتے میں 2 لاکھ 75 ہزار یورو کما لیتے ہیں۔