محکمہ لائیو سٹاک راولپنڈی کے فیلڈ اسٹاف میں اورنج موٹر سائیکلوں کی تقسیم

محکمہ لائیو سٹاک راولپنڈی کے فیلڈ اسٹاف میں اورنج موٹر سائیکلوں کی تقسیم

  



راولپنڈی (اے پی پی) محکمہ لائیو سٹاک راولپنڈی کے فیلڈ اسٹاف کی استعداد کار میں اضافے اور مویشی پال حضرات کو بروقت سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے سٹاف میں 44موٹر سائیکلز کی تقسیم کر دی گئیں۔ ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ آفیسر زراعت راولپنڈی ڈاکٹر شاہد سجاد اصغر نے بتایا کہ ضلع راولپنڈی میں لائیو سٹاک کی ترقی کیلئے ابتدائی مرحلے میں لائیو سٹاک فیلڈ سٹاف میں 44موٹر سائیکلز تقسیم کئے گئے ہیں تاکہ یہ فیلڈ سٹاف مویشی پال حضرات تک بروقت پہنچ کر انہیں معاونت فراہم کرے۔لائیو سٹاک اسٹاف میں ای ڈی او زراعت شاہد سجاد اصغر نے موٹر سائیکلز تقسیم کیے جبکہ اس موقع پرڈسٹرکٹ آفیسر لائیو سٹاک راولپنڈی ڈاکٹر محمد یعقوب ، ڈائریکٹر لائیو سٹاک ضلع راولپنڈی ڈاکٹر عبدالرؤف دیگر افسران موجود تھے۔ڈاکٹر شاہد سجاد اصغر نے اس موقع پر فیلڈ سٹاف کو ہدایت کی کہ وہ ضلع راولپنڈی میں لائیو سٹاک کی ترقی کیلئے محکمہ کی کوششوں کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے اپنا کردار احسن طریقے سے ادا کریں تاکہ ملک میں گوشت اور دودھ کی ضروریات پوری کرنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کو تقویت مل سکے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے صوبہ بھر میں لائیو سٹاک کی ترقی کیلئے شعبہ خدمات کے عملے کی کارکردگی کو تیز تر بنانے کیلئے فیلڈ سٹاف میں موٹر سائیکلز کی تقسیم کا قدم اٹھایا ہے اس سے جہاں فیلڈ سٹاف کی کارکردگی میں اضافہ ہو گا وہیں مویشی پال حضرات کو ہر قسم کی خدمات گھر کی دہلیز پر باآسانی دستیاب ہو سکیں گی۔ڈسٹرکٹ آفیسر لائیو سٹاک ضلع راولپنڈی ڈاکٹر محمد یعقوب نے بتایا کہ لائیو سٹاک راولپنڈی کے فیلڈ سٹاف میں مجموعی طور پر اورنج کلر کے 86موٹر سائیکلز تقسیم کیے جائیں تاہم پہلے مرحلہ میں 44موٹر سائیکلز کی تقسیم کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔ڈاکٹر محمد یعقوب نے کہا کہ ان موٹر سائیکلز پر محکمہ لائیو سٹاک کی ہیلپ لائن 9211کا باقاعدہ اندراج ہے جس سے واضح ہو سکے گا کہ محکمہ لائیو سٹاک کا عملہ خدمات کی انجام دہی میں مصروف ہے جبکہ لائیو سٹاک کے عملے کی علیحدہ شناخت ہو گی اور وہ عزت و وقار کے ساتھ اپنی خدمات سرانجام دیں گے۔ڈائریکٹر لائیو سٹاک ضلع راولپنڈی ڈاکٹر عبدالرؤ ف نے کہا کہ لائیو سٹاک سٹاف میں اورنج موٹر سائیکلز کی تقسیم لائیو سٹاک کی ترقی میں سنگ میل ثابت ہو گا اور لائیو سٹاک فیلڈ سٹاف مویشی پال حضرات کو مویشیوں کی دیکھ بھال میں معاونت کا عمل احسن طریقے سے سرانجام دے سکیں گے۔

ڈاکٹر عبدالرؤف نے مزید بتایا کہ اورنج موٹر سائیکلز جدید فرسٹ ایڈ باکس سے بھی لیس ہیں جس میں مویشیوں کو فوری طبی امداد کی فراہمی کے لوازمات اور ضروری ادویات موجود ہوں گی۔

مزید : کامرس