پاکستان اور بھارت نتیجہ خیز مذاکرات شروع کریں، میر واعظ

پاکستان اور بھارت نتیجہ خیز مذاکرات شروع کریں، میر واعظ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


سرینگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چےئرمین میرواعظ عمرفاروق نے پاکستان اور بھارت کی قیادت پر زوردیا ہے کہ وہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کو ہمیشہ کے لیے حل کرنے کی خاطر بامعنی اور نتیجہ خیز مذاکرات شروع کرے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سرینگر میں ایک میڈیا انٹرویومیں میرواعظ عمرفاروق نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے پاس کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیرحل کرنے کے سواکوئی چارہ نہیں۔مقبوضہ علاقے میں گائے کے گوشت پر پابندی کے بارے میں انہوں نے کہا کہ مسلم اکثریتی علاقے میں مسلمانوں کے خلاف قانون قابل قبول نہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے فرقہ پرست عناصر کی طرف سے اس طرح کے عدالتی یا انتظامی احکامات پرعملدآمد کی کوششوں کی بھر پور مزاحمت کی جائے گی۔میر واعظ نے کہا کہ کشمیر ہمیشہ فرقہ وارانہ بھائی چارے کے لیے ایک مثال رہا ہے اوراکثریتی فرقے نے اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ کیا ہے اور آئندہ بھی کرتا رہے گا۔ لیکن کسی کو گائے کے گوشت کے استعمال پرعدالتی پابندی کی آڑ میں مذہبی جذبات اور کشمیر کی مسلم شناخت سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گا ۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے چےئرمین نے عدالتی احکامات کو مسلمانوں کے مذہبی معاملات میں براہ راست مداخلت قراردیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے تمام منصوبوں کا مقصدکشمیر کی مسلم شناخت کو کمزرو کرناہے۔

مزید :

عالمی منظر -