میں امریکا کا پہلا مسلمان صدر بن کر دکھاؤں گا، یوسف دیار کا بن کارسن کو جواب

میں امریکا کا پہلا مسلمان صدر بن کر دکھاؤں گا، یوسف دیار کا بن کارسن کو جواب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


نیویارک(آئی این پی)امریکا کے 12 سالہ یوسف دیار نے ممکنہ صدارتی امیدوار بن کارسن کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں امریکا کا پہلا مسلمان صدر بنوں گا اور ہر رنگ و نسل سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی عزت کروں گا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا کے 12 سالہ یوسف دیار نے ممکنہ صدارتی امیدوار بن کارسن کے مسلمانوں سے متعلق بیان پر رد عمل دیتے ہوئے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں اس کا کہنا تھا کہ امریکا میں سیاہ فام پر تعصبانہ رویے کی وجہ سے یہاں کے لوگ کہا کرتے تھے کہ سیاہ فام کبھی بھی امریکا کا صدر نہیں بن سکتے لیکن موجودہ صدر باراک اوباما نے امریکی صدر بن کر سیاہ فام کے لیے مقرر کردہ حدود کو توڑ دیا اور اب میں امریکا کا پہلا مسلمان صدر بن کر مسلمانوں کے لیے متعین کردہ حدود کو توڑ کر دکھاؤں گا۔
میں صدر بن کر ہر رنگ و نسل سے تعلق رکھنے والے شخص کی عزت کروں گا۔یوسف دیار نے کہا کہ 2 سال کی عمر میں ہی جب میں ٹھیک طرح سے چلنا اور بولنا بھی نہیں جانتا تھا تب سے ہی میں امریکی صدر بننے کے خواب دیکھتا آرہا ہوں اور میں اپنے دوستوں سے بھی یہ کہتا ہوں لیکن آپ نے یہ کہہ کر میرا خواب توڑ دیا کہ کوئی مسلمان امریکا کا صدر نہیں بن سکتا۔ انہوں نے کہا کہ جیسا آپ نے مجھ سمیت تمام مسلمانوں سے یہ کہا کہ ویسے ہی کوئی آپ سے بھی یہ کہہ سکتا تھا کہ آپ اپنے رنگ یا نسل یا ایمان کی وجہ سے امریکا کے صدر نہیں بن سکتے ہیں۔واضح رہے ممکنہ صدارتی امیدوار بن کارسن نے حال ہی میں ایک متنازع بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ ایک مسلمان کو امریکا کا صدر نہیں بننا چاہیے کیونکہ امریکا کا آئین اس بات کی اجازت نہیں دیتا۔

مزید :

عالمی منظر -