ترک صدر اور امیر قطر کی ملاقات، مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی جارحیت پر اظہار تشویش
استنبول (این این آئی) ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے امیر قطر شیخ تمیم بن حماد بن خلیفہ الثانی سے استنبول میں ملاقات کی جس میں دونوں رہنماؤں نے مسجد اقصیٰ میں جاری اسرائیلی جارحیت کی مخالفت کیلئے مشترکہ موقف اختیار کرنے پر غور کیا۔ ترک صدارتی محل کے ذرائع کے مطابق دونوں سربراہان مملکت نے مسجد اقصیٰ کی حفاظت، مقبوضہ بیت المقدس میں جاری اسرائیلی جارحیت کو روکنے کیلئے مختلف طریقوں پر غور کیا۔ ترک صدر اور قطری امیر نے کہا کہ مسجد اقصیٰ اور اور مقبوضہ بیت المقدس پر جاری اسرائیلی جارحیت کا مقابلہ کرنے کیلئے ایک مشترکہ موقف اپنانے کی ضرورت ہے تاکہ عالمی برادری اور اسرائیل پر دباؤ ڈالا جاسکے۔ دونوں رہنماؤں نے مسجد اقصیٰ میں جاری صورتحال کی جانب عالمی برادری کی توجہ بھی مبذول کروائی۔ ایردوآن اور تمیم بن حماد نے اسرائیل کی جانب سے غیر قانونی یہودی بستیوں کی تعمیر اور توسیع کے منصوبوں اور غزہ پر مسلط سخت محاصرے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ فریقین نے فلسطینی عوام کے تحفظ کیلئے موجود وسائل کو ایک جمع کرنے اور قابض اسرائیل پر عالمی برادری کی جانب سے دباؤ بڑھانے پر اتفاق کیا۔