چائلڈ پروٹیکشن بیورومیں مقیم بچوں کیلئے عید الاضحیٰ کے موقع پر خصوصی پروگرام

چائلڈ پروٹیکشن بیورومیں مقیم بچوں کیلئے عید الاضحیٰ کے موقع پر خصوصی پروگرام

  



لاہور (خبرنگار) چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن ایند ویلفئیر بیورو صبا صادق کی خصوصی ہدایت پربیورو میں مقیم بچوں کے لیے عید الاضحیٰ کے موقع پر خصوصی پروگرام ترتیب دیا گیا۔اس سلسلے میں بچیوں کیلئے مہندی اور چوڑیوں کے سٹالز لگائے گئے جس میں بچیوں نے اپنی پسند کی چوڑیاں خریدیں اور مہندی کے ڈیزائن بنوائے۔اس کے علاوہ آئس کریم، برگر اور گول گپے کے سٹالز بھی لگائے گئے۔بیورو میں مقیم تمام بچوں نے نئے کپڑے اور نئے جوتے پہنے، عید کی نماز ادا کی۔اس کے بعد بچوں کے لئے کھانے پینے کے سٹالز لگائے گئے جس میں گول گپے، شوارما، سموسے، چاکلیٹ اور کاٹن کینڈی شامل تھے۔بچوں کی دلچسپی کیلئے کھانے پینے کی شیاء کے علاو ہ جھولوں، جمپنگ کیسٹل اور ٹرین کا اہتمام کیا گیا جس سے بچے بھرپور انداز میں لطف اندوز ہوئے۔ اس کے علاوہ وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے عید کے روز چائلڈ پروٹیکشن بیورو لاہور کا دورہ کیا اور بیورو میں مقیم بچوں کے ساتھ عید کی خوشیوں میں شامل ہوئے۔ اس سلسلے میں چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو صبا صادق کی خصوصی ہدایت پر چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیاجس میں مختلف سماجی اور سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے بیورو میں مقیم بچوں اور بچیوں میں عید کے تحائف بھی تقسیم کئے۔ وفاقی وزیر اس موقع پر بچوں کے ساتھ گھل مل گئے اوربچے اس موقع پر بہت خوش اور پرجوش تھے۔وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے اس موقع پر کہا کہ عید الاضحی ایثار اور قربانی کے جذبے کا نام ہے اور انھیں عید کے دن ان بے سہارا بچوں کے ساتھ وقت گزار کر بہت خوشی محسوس ہورہی ہے۔ چائلڈ پروٹیکشن بیوروچیئر پرسن صبا صادق کی سربراہی میں ان بے سہارا بچوں کو بہترین تعلیمی اور رہائشی سہولیات مہیا کر رہا ہے۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل چائلڈ پروٹیکشن بیورو فاطمہ شیخ، ڈائریکٹر پروگرام تانیہ ملک اور بیورو کا دیگر سٹاف بھی موجود تھا۔ چیئر پرسن صبا صادق نے وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات جناب پرویز رشید صاحب اور دیگر مہمانان گرامی کا چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں مقیم بچوں کی عید کی خوشیوں میں شامل ہونے پر شکریہ ادا کیا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1