شاندار کارکردگی ، ایل ڈبلیو ایم سی ملازمین کو بونس دینے کا اعلان

شاندار کارکردگی ، ایل ڈبلیو ایم سی ملازمین کو بونس دینے کا اعلان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(خبر نگار)وزیرِ اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی ) کے تمام ملازمین کو عید الاضحی پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر 10 روز کی اضافی تنخواہ بطور بونس دینے کا اعلان کیا ہے۔میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ اپنی چھٹیاں قربان کرکے عام شہریوں کے لیے صاف ستھرے ماحول یقینی بنانا ورکرز کی طرف سے ایک قابل قدر خدمت ہے جس کا کوئی متبادل نہیں ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے سابق چیئرمین ایل ڈبلیوایم سی خواجہ احمد حسان، کمشنر لاہور ڈویژن عبداللہ سنبل، ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسرکیپٹن (ر) محمد عثمان اور منیجنگ ڈائریکٹر ایل ڈبلیوایم سی خالد مجید اور ان کی ٹیم کی خدمات کو بھی بے حد سراہا۔ایل ڈبلیوایم سی انتظامیہ نے عید الاضحی پر بہترین صفائی انتظامات ممکن بنانے میں شہریوں کے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے جبکہ ایل ڈبلیوایم سی کے ورکرز نے بھی وزیرِاعلیٰ پنجاب کی طرف سے کی جانے والے حوصلہ افزائی پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی( ایل ڈبلیوایم سی) نے عید الاضحی کے دوران صفائی آپریشن کے نتیجے میں قربانی کے جانوروں کی40 ہزار ٹن سے زائد آلائشیں کامیابی سے ٹھکانے لگادیں۔جانوروں کی آلائشوں کو بہترین حکمت عملی کی مدد سے اکٹھا کیا گیا اور بعد ازاں عید کے تیسرے روزلکھوڈیر ڈمپنگ پوائنٹ پر ماحول دوست طریقے سے زمین میں دفن کر کے مٹی و چونے سے ڈھک دیا گیا ۔ایل ڈبلیوایم سی نے عید کے اختتام پر شہر میں قائم اجتماعی قربان گاہوں، عارضی کلیکشن پوائنٹس اور مویشی منڈیوں میں زیرو ویسٹ آپریشن بھی کیا جبکہ جامع مساجد، عید گاہوں ، قربان گاہوں کی فینائل سے دھلائی کے بعد عرق گلاب اور چونے کا بھی استعمال کیا گیا۔ منیجنگ ڈائریکٹر خالد مجید کا کہنا ہے کہ ایل ڈبلیوایم سی کا آپریشن چاند رات سے عید کے تیسرے روز تک مسلسل جاری رہا جس میں ایل ڈبلیوایم سی افسران سمیت 10ہزارسے زائد ورکرز نے حصہ لیا۔ آپریشن کو معمول کی مشینری کے علاوہ 1500اضافی گاڑیوں کی بھی مدد حاصل رہی جن میں پک اپس، ڈمپرز، آرم رول کنٹینرز، لوڈرز شامل ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ جانوروں کی آلائشوں کو اکٹھا کرنے و ٹھکانے لگانے کے لیے کئے گئے متعدد اہم اقدامات میں سے شہریوں کو 850,000 ویسٹ بیگز کی فراہمی، 113 عارضی ویسٹ کلیکشن و ٹرانسفر سٹیشنوں کے قیام، 80 اجتماعی قربان گاہوں کے لیے عملہ و مشینری کی فراہمی اور شہریوں میں شعور کی بیداری کے لیے مہم بالخصوص فلوٹس، ماڈل کیمپس اور تعلمی اداروں میں سرگرمیوں جیسے اقدامات نے کلیدی کردار ادا کیا۔ان کا مزید کہنا ہے کہ تمام آپریشن کی مرکزی کنٹرول روم سے تصویری مانیٹرنگ کی گئی اور لمحہ لمحہ تصویری ریکارڈ رکھا گیا ہے۔32000 سے زائد تصاویر پر مشتمل ڈیٹا پنجاب انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی بورڈ کی ویب سائٹ پر بھی مہیا کر دیا گیاہے جبکہ یونین کونسل کی سطح پر قائم 165کیمپوں اور ہیلپ لائن 1139 پر 5900 سے زائد شہریوں نے مدد کے لیے رابطہ کیا۔