جنرل ہسپتال میں50لاکھ روپے مالیت کی نئی اور جدید میمو گرافی مشین نصب

جنرل ہسپتال میں50لاکھ روپے مالیت کی نئی اور جدید میمو گرافی مشین نصب

  



لاہور( خبرنگار) وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کی ہدایت پر جنرل ہسپتال میں50لاکھ روپے مالیت کی نئی اور جدید میمو گرافی مشین نصب کر دی گئی ہے۔ جس سے چھاتی کے کینسر میں مبتلا خواتین کے مرض کی تشخیص میں بہت زیادہ مدد ملے گی۔ اس امر کا اظہار پرنسپل پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کیا۔عید الالضحی کی سرکاری تعطیل کے باوجود انہوں نے میڈیکل سپریٹنڈنٹ کیپٹن (ر) ڈاکٹر نیاز احمد ،چیف کنسلٹنٹ ڈاکٹر تنویر زبیری اور ڈائریکٹر ایمرجنسی ڈاکٹر منور علی کے ہمراہ ہسپتال کے مختلف شعبوں اور بالخصوص ایمرجنسی بلاک کا دورہ کیا اور زیر علاج مریضوں اور ان کے لواحقین کو عید کی مبارکباد دینے کے علاوہ ان سے ہسپتال کے عملہ کے روئیے اور علاج معالجہ کی دستیاب سہولیات کی بابت آگاہی بھی حاصل کی۔ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے بتا یا کہ جنرل ہسپتال میں نصب کی گئی میمو گرافی مشین عید الالضحی کی تعطیلات کے بعد آج (سوموار) سے فنکشنل ہو گی اور مستحق مریضوں کے ٹیسٹ مفت کئے جائیں گے۔پرنسپل پی جی ایم آئی نے کہا کہ حال ہی میں سامنے آ نے والی ایک ریسرچ کے مطابق پاکستان میں ہر سال 90 ہزار عورتیں بریسٹ یعنی چھاتی کے کینسر میں مبتلا ہو رہی ہیں لیکن افسوس ناک امر یہ ہے کہ ان میں سے صرف 10 فیصد خواتین میں بیماری کی تشخیص ہو پاتی ہے اور ان میں سے بھی 75 فیصد خواتین علاج نہیں کراتیں اور پانچ سال کے اندر موت سے دو چار ہو جاتی ہیں۔ اس کے علاوہ یہ امر بھی کسی المیے سے کم نہیں کہ پاکستان میں خواتین بریسٹ کینسر کے حوالے سے کسی کو بتانے میں بھی خوف اور شرم محسوس کرتی ہیں۔ اسی لیے ماہرین کہتے ہیں کہ خواتین کو اس بیماری کے حوالے سے شرمسار ہونے کی ضرورت نہیں کیونکہ شرمساری علاج کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔پروفیسر خالد محمود نے مزید بتا یا کہ بریسٹ کینسر کی کئی اقسام ہیں جو مختلف مرحلوں، شدت اور جینیاتی میک اپ کے حامل ہوتے ہیں اور اس کینسر میں صحت یابی اور بقاء کا انحصار بھی اس بات پر ہوتا ہے کہ وہ کس قسم کا کینسر ہے۔ اس کے علاج میں سرجری، ادویات (ہارمونل تھیریپی اور کیمیو تھیریپی) اور ریڈی ایشن شامل ہیں۔ پروفیسر خالد محمود نے کہا کہ لاہور جنرل ہسپتال میں مریضوں کو علاج معالجہ کی بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کرنے پر توجہ دی جارہی ہے اور حکومت اس مقصد کے لئے فنڈز فراہم کررہی ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...