قربانی ہمیں اتحادواتفاق، اخوت اور ایثار کا درس دیتی ہے،عزیز الرحمن ثانی

قربانی ہمیں اتحادواتفاق، اخوت اور ایثار کا درس دیتی ہے،عزیز الرحمن ثانی

  



لاہور ( نمائندہ خصوصی )عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی رہنما مولانا عزیز الرحمن ثانی ،قاری جمیل الرحمن اختر،قاری علیم الدین شاکر،مولانا محبوب الحسن طاہر،مولانا عبدالنعیم،قاری عبدالعزیز ، مولانا خالد عابداور مولاناخالدمحمود نے عید الاضحی کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قربانی ہمیں اتحادواتفاق، اخوت اور ایثار کا درس دیتی ہے،غریب وناداراور تنگ دستوں کو عید کی خوشیوں میں شریک کرنا سنت نبوی ہے ۔علماء کرام نے کہا کہ عیدالاضحی درحقیقت آپس میں وحدت،اخوت ،اتحاد ویگانگت اورجذبہ ایثار وقربانی کادرس دیتی ہے۔ غریبوں ،یتیموں،مسکینوں،وبے سہارالوگوں میں خوشیاں بانٹنے کانام ہے،غریبوں کو عیدکی خوشیوں میں شریک کیے بغیرعید کے حقیقی تقاضے پورے نہیں ہوتے ۔حضرت اسماعیل ؑ کی طرف سے اللہ تعالیٰ کے حکم پر سر تسلیم خم کرنے کی یاد میں سنت ابراہیمی کی ادائیگی مسلمانوں کا اہم مذہبی ودینی فریضہ ہے،اللہ کی رضا کی خاطر قربان ہونے کے جذبے کا صلہ ہے ۔قربانی صرف جانور ذبح کرنے کانام نہیں بلکہ فلسفہ قربانی تو یہ ہے کہ انسان اپنی سب سے زیادہ محبو اور پسندیدہ چیزکو اللہ کے حکم پرہروقت قربان کرنے کے لیے تیار رہے۔علماء کرام نے کہا کہ سانحہ منیٰ پرپورا عالم اسلام ا فسردہ اور غمگین ہے یہ المیہ اسلام مخالف قوتوں کی سازشوں کا شاخسانہ ہوسکتا ہے۔سعودی عرب اور اسکی سلامتی کے خلاف اسلام مخالف قوتیں عرصہ دراز سے سازشوں میں مصروف ہیں ۔عید الاضحی کے اجتماعات میں ملک پاکستان کی بقااورسلامتی،ترقی وخوشحالی،سانحہ منیٰ میں شہید ہونے والوں کے درجات کی بلندی کے لیے دعااور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1