عمران خان 30ستمبر کو این اے122کی انتخابی مہم شروع کرینگے ،عبدالعلیم
لاہور ( نمائندہ خصوصی )تحریک انصاف کے این اے122سے اُمیدوار قومی اسمبلی عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ" ن لیگ "کے قابض نا اہلوں کے خلاف عوام کا فائنل راؤنڈ شروع ہو چکا ہے، شیر کے شکاری عمران خان 30ستمبر کو لاہور میں این اے122کی انتخابی مہم کی قیادت شروع کرینگے ،انہوں نے کہا عید کے بعد پارٹی کارکن نئے جوش و جذبے کے ساتھ میدان عمل میں نکل چکے ہیں 11اکتوبر کو کامیابی کے بعد پارٹی کارکن پھر عید جیسی خوشیاں منائیں گے ۔عبدالعلیم خان نے پی ٹی آئی کے این اے122کے مرکزی دفتر گڑھی شاہو میں گرینڈ عید ملن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز لیگ کے اُمیدواروں ایاز صادق اور محسن لطیف میں عوام کا سامنا کرنے کی ہمت نہیں ،پینے کے صاف پانی ،تعلیم اور صحت جیسی بنیادی سہولتوں سے محروم رکھنے والوں کو عوام دوبارہ ہر گز ووٹ نہیں دینگے، لوگ جان چکے ہیں کہ این اے122کو دانستہ طور پر پسماندہ رکھ کر ایاز صادق نے ظلم کیا ہے اور ہمارے شروع کردہ ترقیاتی منصوبوں کو بھی فنکشنل نہیں ہونے دیا گیا جس کی سب سے بڑی مثال میاں میر ہسپتال ہے ۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ پی پی147سے پی ٹی آئی کے اُمیدوار محمد شعیب صدیقی بھاری اکثریت سے کامیاب ہونگے اور ترقیاتی کاموں کو وہیں سے شروع کیا جائے گا جہاں سے یہ سلسلہ ختم ہوا تھا ۔عید ملن پارٹی سے پی ٹی آئی لاہور کے صدر ایم این اے شفقت محمود ،قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید ،ایم پی اے میاں اسلم اقبال،ڈاکٹر یاسمین راشد ،نواز لیگ کے سابق ایم پی اے آجا سم شریف اور جمشید اقبال چیمہ نے خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف پوری طرح متحد اور یک جان ہو کر این اے122اور پی پی147کا معرکہ سرکرنے جا رہی ہے ،اور انشاء اللہ کامیابی عبدالعلیم خان اور شعیب صدیقی کے قدم چومے گی ،اس موقع پر پارٹی کارکنوں نے زبردست جو ش و خروش کا مظاہرہ کیا نو جوان نعرے بازی کرتے اور بلوں پر آٹو گراف لیتے رہے جبکہ خواتین کی بھی بہت بڑی تعداد نے عید ملن پارٹی میں شرکت کی ۔ دریں اثناء عبدالعلیم خان نے چوہدری محمد سرور اور شعیب صدیقی کے ہمراہ دربار میاں میر میں نماز عید ادا کی وہ لوگوں سے عید ملے اور حضرت میاں میر کے دربار پر فاتحہ خوانی کی۔عید کے روز عبدالعلیم خان نے یتیم بچیوں کے ادارے "اپنا گھر"کا بھی دورہ کیا اور وہاں مقیم اور زیر تعلیم طالبات کے ہمراہ وقت گزارا۔