الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت جدید سلاٹر ہاؤس میں قربانی کا اہتمام
لاہور(نمائندہ خصوصی)الخدمت فاؤنڈیشن کے سماجی خدمات پروگرام کے تحت لاہور میں بین الاقوامی معیار کے مطابق جدید سلاٹر ہاؤس میں قربانی کا اہتمام کیا گیا۔سلاٹر ہاؤس میں الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت 300 گائے ذبح کی گئیں جس میں ذبیحہ سے گوشت بننے تک کے تمام مراحل جدید مشینوں کے ذریعے سلاٹر ہاؤس میں مکمل کئے گئے۔ قربانی کے گوشت کو محفوظ بنانے اور اُسے دور دراز علاقوں تک پہنچانے کے لئے 4 چلرز کا اہتمام بھی کیا ہے جن کی مدد سے قربانی کاگوشت سیلاب متاثرہ علاقوں اور مستحقین تک پہنچایا گیا۔الخدمت فاؤنڈیشن کے مرکزی نائب صدرسید احسان اللہ وقاص ، الخدمت سماجی خدمات پروگرام کے نیشنل ڈائریکٹر عامر محمود چیمہ ، الخدمت پنجاب کے صدر راؤ محمد ظفر اور الخدمت پنجاب کے سیکرٹری اکرام الحق سبحانی سمیت جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے سلاٹر ہاؤس کا دورہ کیا اور الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت ہونے والی قربانیوں اور گوشت بننے تک کے مراحل کا جائزہ لیا۔ الخدمت فاؤنڈیشن کے نائب صدر سید احسان اللہ وقاص نے اِس موقع پر کہا کہ جدید سلاٹر ہاؤس میں قربانیوں کاعمل وقت کی اہم ضرورت ہے۔ جس کا مقصد دور دراز علاقوں میں قربانی کا گوشت 100 فیصد ہائی جینک طریقے سے پہنچانا ہے۔ گرمی کے موسم میں گوشت خراب ہونیکا خدشہ ہوتا ہے اور اِسی ضرورت کے پیش نظر الخدمت نے 4چلرز کا اہتمام کیا تاکہ دور دراز علاقوں میں گوشت کی تقسیم کی جا سکے۔لاہور کے علاوہ کراچی میں بھی الخدمت نے سلاٹر ہاؤس میں 500 گائے ذبح کرکے اُن کا گوشت مستحقین تک پہنچایا ہے اور اگلے سال الخدمت جدید سلاٹر ہاؤس کے ذریعے قربانی کا دائرہ کار مزید شہروں تک پہنچائے گی۔ جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا کہ عید الاضحی ہمیں قربانی اور بھائی چارے کا درس دیتی ہے اور ہمیں خوشی کے اِس موقع پر اپنے مستحق عزیز و اقارب اور ہم وطنوں کو یاد رکھنا چاہیے۔