سانحہ منیٰ میں حجاج کرام کی شہادتوں پرافسوس ہے،علامہ نیاز نقوی
لاہور ( نمائندہ خصوصی ) وفاق المدارس الشیعہ پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے نائب صدر علامہ نیاز حسین نقوی نے علی مسجد جامعتہ المنتظر میں خطبہ عیدالاضحی دیتے ہوئے کہاکہ فلسفہ حج و قربانی میں انفرادی تربیت اور انسانیت کی فلاح مضمر ہے۔ جس سے اپنے عزیز و اقارب سے لے معاشرے کے تمام دکھی طبقات تک کی مددکی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جسمانی اور مالی عبادت کا مقصد قربت خداوندی اور معاشرے کے دکھ درد کا احساس اور ان کی خدمت ہے۔ان کا کہنا تھاکہ عیدالاضحی ہمسایوں اور رشتہ داروں ہی نہیں دوسرے مسالک اور مذاہب کے ماننے والوں کی ضروریات کو پورا کرنے کا بھی درس دیتی ہے۔علامہ نیاز نقوی نے حج کے دوران منیٰ میں ہونے والے سانحہ میں حجاج کرام کی شہادتوں پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی، شہدا کے بلندی درجات ، مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا بھی کی ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حجاج کرام کی حفاظت اور انتظامات سعودی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ کرین حادثے کے بعد منیٰ جیسے دل خراش حادثے کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ دونوں واقعات انتظامی نااہلی کے باعث پیش آئے ۔ ان کی تحقیقات کرکے حقائق منظر عام پر لائے جائیں۔ وفاق المدارس الشیعہ کے رہنما نے دہشت گردی کے خاتمے میں فوج اور فضائیہ کے کردا ر کو سراہتے ہوئے ضرب عضب آپریشن کو آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رکھنے کا مطالبہ کیا۔