بہاولنگر،شاہراہ پر لوٹ مار میں مصروف 8 ڈاکوؤں اور پولیس میں مقابلہ ،3 ڈاکو ہلاک

بہاولنگر،شاہراہ پر لوٹ مار میں مصروف 8 ڈاکوؤں اور پولیس میں مقابلہ ،3 ڈاکو ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 بہاولنگر(بیورورپورٹ)عید الا ضحی سے ایک روز قبل جمعرات کی شب آٹھ ڈاکوؤں اور پولیس کے مابین مقابلہ، دو بھائیوں سمیت تین خطرناک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک جبکہ ان کے 5 ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق آٹھ ڈاکو چاند رات کو بائی پاس پر لوٹ مار میں مصروف تھے۔پولیس اطلاع ملنے پرموقع پر پہنچ گئی جسے دیکھتے ہی ڈاکوؤں نے اہلکاروں پر فائرنگ شروع کر دی ۔پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی جس سے ڈاکوؤں کے گروہ میں شامل 2 سگے بھائیوں سمیت تین ڈاکو ہلاک ہو گئے جبکہ 5 فرار ہو گئے۔ہلاک ہونیوالے ڈاکو بھائیوں کا کا والد بھی اشتہاری بتایا جاتا ہے اور علاقے میں دہشت کی علامت سمجھا جاتا ہے۔بہاولنگر کے رہائشی تین شہری اوکاڑہ سے کار پر بہاولنگر آ رہے تھے کہ آٹھ نا معلوم مسلح ڈاکوؤں نے انہیں گھیر لیا۔ اسلحہ کے زور پر پندرہ ہزارروپے اور موبائل فون چھین لیے اور مزاحمت پر سیدھی فائرنگ شروع کر دی جس سے گاڑی کی سکرین ٹوٹ گئی ۔ ایک شہری نے ریسکیو 15پر کال کر دی جس پر ایس ایچ او تھانہ صدرپر ویز اختر جتوئی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے پولیس اور ڈاکوؤں میں ڈیڑھ گھنٹہ مقابلہ جاری رہا۔ مظہر عرف مظہری ، اُسکا بھائی فضل عرف فضلی اور پھول نگر کا رہائشی سرور اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے موقع پر ہلاک ہو گئے۔ یاد رہے کہ ہلاک ہونیوالے خطرناک ڈاکو مظہر عرف مظہری اور فضل عرف فضلی کے دو بھائی پہلے بھی پولیس مقابلہ میں مارے جا چکے ہیں جبکہ انکا ایک بھائی ڈکیتیوں اور قتل میں جیل میں سزا بھگت رہا ہے جبکہ والد ولی داد عرف ولیا خطرناک اشتہاری ہونے کے باعث پولیس کو مطلوب ہے۔ جرائم پیشہ خاندان نے عوام کی ناک میں دم کر رکھا تھا ۔جن کی ہلاکت پر چاند رات کو شہر میں جشن کا سماں تھا ۔ شہریوں نے ڈی پی او بہاولنگر شارق کمال صدیقی اور اُنکی پوری ٹیم کو خطرناک ڈاکوؤں کی ہلاکت پر زبر دست خراج تحسین پیش کیا ہے۔

مزید :

علاقائی -