سمن آباد ،گاڑیوں کے شو روم پر مخالفین نے 28 سالہ نوجوان کو تشدد کرکے مارڈالا
لاہور(کرائم سیل) عید سے ایک دن قبل جمعرات کو سمن آباد کے علاقہ میں معمولی تلخ کلامی پر مخالفین نے تشدد کر کے 28سالہ نوجوان کو قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہو گئے ۔پولیس نے مقتول کی نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانہ میں جمع کروا کے مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے ۔مقتول احمد عبدالرحمٰن کے ورثا ، عینی شاہدین نے نمائندہ پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ احمد عبد الرحمٰن سمن آباد کا رہائشی تھا ۔ 3بجے کے قریب وہ سمن آباد کے علاقہ میں دوسرے گول چکر پر واقع ایک گاڑیوں کے شوروم پر گیاجہاں اس کی سٹاف سے تلخ کلامی ہو گئی اور انہوں نے اسے تشدد کا نشانہ بنایا ۔مقتول کے ورثا کے مطابق احمد نے زخمی حالت میں اپنی بہن کو فون کر کے لڑائی سے متعلق اطلاع بھی دی ۔ بعدا زاں اسے تشویشناک حالت میں ریسکیو ٹیم نے قریبی ہسپتال میں منتقل کیا جہاں وہ کئی گھنٹے تک زندگی اور موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد زندگی کی بازی ہار گیا۔اطلاع ملنے پر پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر کے مقتول کی نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانہ میں جمع کروا دیا ہے ۔پولیس کے مطابق مقتول کے جسم پر ظاہری طور پر تشدد کے نشانات نہیں ہیں البتہ اس کے ورثا کی درخواست پردفعہ 302کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔جبکہ تاحال کوئی ملزم گرفتار نہیں ہو سکا۔