فیصل آباد ،مختلف واقعات میں بچوں اور خواتین سمیت 11 افراد جاں بحق 600 زخمی
فیصل آباد(بیورورپورٹ)عید کے ایام میں مختلف نوعیت کے واقعات کے دوران ٹریفک حادثات ‘کرنٹ لگنے ‘ٹرین تلے آکر‘قربانی کے جانورکو ذبح کرتے دیکھتے ہارٹ اٹیک اور دیگر واقعات میں 2بچوں ‘2خواتین سمیت 11افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ چھتوں سے گرکر اور دیگر حادثات میں بچوں30 سمیت 600سے زائد افراد زخمی ہوگئے‘جن کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کردیاگیا‘تفصیلات کے مطابق پہلاحادثہ طارق آباد پل پر ون ویلنگ کرنے کے دوران موٹرسائیکل کھمبے سے ٹکراگیاجس کے نتیجہ میں 18سالہ سید جواد شفقت جاں بحق ہوگیا‘دوسرا حادثہ میں ضلع کونسل چوک میں تیزرفتار موٹرسائیکل بے قابو ہوکر پول سے ٹکرا گیاجس کے باعث 28سالہ فہیم شدید زخمی ہونے کے باعث دم توڑگیا۔ متوفی کی ایک ماہ بعد شادی ہونی تھی‘تیسرا حادثہ گٹ والا روڈپر تیزرفتارکارکی ٹکر سے سلطان‘اس کی اہلیہ گلزارفاطمہ ‘بیٹی نیہا اور فاطمہ زخمی ہوگئی شدید زخمی ہونے کے باعث 35سالہ گلزارفاطمہ موقع پرجاں بحق ہوگئی۔ چوتھاحادثہ جڑانوالہ کے نواحی چک 240گ۔ب میں ٹرالر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار ارشداور اس کا 8سالہ بیٹاشفقت شدید زخمی ہونے کے باعث موقع پر ہی دم توڑگئے۔ پانچواں حادثہ سمندری کے نواحی چک 165گ۔ب میں کارکی ٹکر سے موٹرسائیکل سواربلال اور ساجد زخمی ہوگئے اور طبی امداد ملنے سے قبل ہی بلال موقع پر دم توڑگیا۔ چھٹاحادثہ جڑانوالہ کے نواحی چک 237گ۔ب ریلوے پھاٹک پرٹرین کی ٹکر سے ریلوے لائن کراس کرتاموٹرسائیکل سوار اسجد اعجاز شدید زخمی ہونے کے باعث دم توڑگیا‘ساتواں حادثہ ماموں کانجن کے نواحی چک میں واقع مسجد کے واش روم میں نہانے کے دوران موٹرشارٹ ہونے کی وجہ سے پانی میں کرنٹ آگیااور غلام عباس شدیدکرنٹ لگنے سے جھلس کر دم توڑگیا‘آٹھواں حادثہ صدرفیصل آباد کے نواحی چک 225ر۔ب میں فیسکو کی بے ترتیب تاروں سے الجھ کر 10سالہ عمون ولد فلک شیر جھلس کر دم توڑگیا۔ ورثاء کا کہناتھاکہ متعدد بارحلقہ کے ایم این اے ‘ایم پی اے اور فیسکو افسران کو شکایات کی ہیں قبل ازیں بھی ان تاروں کے باعث اموات ہوچکی ہیں۔ نواں حادثہ مدینہ ٹاؤن میں قربانی کے جانور کو ذبح ہوتے دیکھنے کے دوران 65سالہ محمدرفیق دل کا دورہ پڑنے پر دم توڑگیا۔ دسواں حادثہ بخاری ٹاؤن میں قربانی کا گوشت کھانے کے دوران کھانے کا لقمہ 68سالہ نسیم کوثر کے گلے میں پھنس گیااور سانس بند ہونے کی وجہ سے جاں بحق ہوگئی جبکہ مدینہ ٹاؤن میں 70سالہ زوہیب، لال ملزچوک میں 4سالہ فرحان ولد عدنان بجلی کا کرنٹ لگنے سے زخمی ہوگئے اور کھیل کود کے دوران چھتوں، سیڑھیوں سے گرکر عبداللہ، سعید،عثمان وغیرہ 17بچے زخمی ہوگئے۔
۔نثارکالونی کے 7سالہ محمدساجد اور چک 33گ۔ب کے 5سالہ رمضان کے گلے میں 5روپے کا سکہ پھنس گیاقربانی کے جانورذبح کرنے کے دوران 15سالہ علی رضا، 50سالہ فریاد، 18سالہ حمزہ چھریاں لگنے سے زخمی ہوگئے اور مختلف ٹریفک حادثات کے دوران ذیشان ‘کلثوم ، مجاہد، خالدہ بی بی، ثناء بی بی، عمیر، محمدعلی وغیرہ تقریباً500سے زائد افراد زخمی ہوگئے جن کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال پہنچادیاگیا۔