پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے ظالم نظام کی قربانی ناگزیر ہے، طاہر القادری

پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے ظالم نظام کی قربانی ناگزیر ہے، طاہر ...

  



 لاہور(نمائندہ خصوصی )پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے ظالم اور قاتل نظام کی قربانی ناگزیر ہے۔انہوں نے سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے حوالے سے امت مسلمہ میں پائے جانیوالے جوش و خروش کی تحسین کرتے ہوئے کہا کہ ایثار اور قربانی کا یہ اسلامی جذبہ زندگی کے ہر شعبہ میں نظر آنا شروع ہو جائے تو کوئی بھی ظالم اقتدار کے نشے میں عام شہریوں کے آئینی اور بنیادی انسانی حقوق سلب کرنے کی جرأت نہ کر سکے ۔وہ گزشتہ روز عیدالاضحی کے موقع پر پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے رہنماؤں سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے ادارہ تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام درجنوں ممالک میں ہزار وں اجتماعی قربانیوں اور لاکھوں مستحقین تک قربانی کا گوشت پہنچانے کے حوالے سے مثالی انتظامات پر تحریک منہاج القرآن اور منہاج ویلفیئر کے عہدیداران ، کارکنان اور سینکڑوں ولینٹیئرز کو مبارکباد دی۔ تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین اور فیڈرل کونسل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین نے لاہور میں ’’پاڑویں تھے‘‘گاؤں میں قائم مرکزی قربان گاہ کا دورہ کیا اور اعلیٰ انتظامات کرنے پر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر سید امجد علی شاہ اور دیگر کارکنان کو مبارکبا دی۔ سید امجد علی شاہ نے اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ منہاج ویلفیئر کے زیر اہتمام لاہور میں 15 سو سے زائد چھوٹے بڑے جانور قربان کیے گئے اور 25 ہزار سے زائد مستحقین تک حفظان صحت کے اصولوں کے عین مطابق گوشت پہنچایا گیااور قربان گاہ میں صفائی اور الائشوں کو ٹھکانے لگانے کے مثالی انتظامات کیے گئے ۔سید امجد علی شاہ نے بتایا منہاج القرآن کے زیر اہتمام پاکستان ،افریقہ، یورپی ممالک ،انڈیا ،بنگلہ دیش، صومالیہ ،کینیاسمیت درجنوں ممالک میں 50ہزار سے زائد جانور قربان کیے گئے اور 10 لاکھ کے لگ بھگ افراد تک قربانی کا گوشت پہنچایا گیا ۔عید کے تین ایام میں ’’پاڑویں تھے‘‘ کے مقام پر بھی خرم نواز گنڈاپور، بریگیڈیئر (ر) محمد اقبال، امجد علی شاہ، جی ایم ملک نے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ سینکڑوں مستحقین میں گوشت تقسیم کیا ۔

مزید : صفحہ آخر