اتحاد عالم اسلام وقت کی سب سے بڑی ضرور ہے: سراج الحق

اتحاد عالم اسلام وقت کی سب سے بڑی ضرور ہے: سراج الحق

  



لاہور(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ عالم اسلام کو اپنے مسائل کے حل کے لیے متحدہونا پڑے گا ۔ امریکہ ،یورپ یا مغرب مسلم دنیا کے مسائل حل نہیں کر یں گے ۔اتحاد عالم اسلامی اس وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے ۔منصورہ میں عیدالاضحی کے بڑے اجتماع سے خطاب اور اجتماعی قربانی کے لیے بنائی گئی قربان گاہ میں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان ایک ایٹی قوت ہے مگر اس کے باوجود ہم کشمیری مسلمانوں کی پریشانیوں کو دور نہیں کر سکے ۔ بھارت کی سات لاکھ فوج نے کشمیری مسلمانوں کی زندگی اجیرن کر رکھی ہے ۔ کشمیر دنیا کا سب سے مظلوم خطہ ہے جس پر بھارت کے غاصبانہ قبضہ کو ختم کرنے کے لیے اقوام متحدہ نے اپنی ہی قرار دادوں پر عمل نہیں کیا ۔ انہوں نے کہاکہ عالمی امن کو سب سے بڑا خطرہ امریکہ سمیت عالمی قوتوں کے دوہرے معیار اور مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک سے ہے ۔ کشمیر ، فلسطین اور برما میں مسلمانوں کا قتل عام جار ی ہے جبکہ شام ، یمن اور عراق میں مسلمان امریکہ و اسرائیل کی سازشوں سے جنگ و جدل میں مصروف ہیں ۔انہوں نے کہاکہ جب تک دنیا بھر کے مسلمان ایک امت کی حیثیت سے اپنے آپ کو نہیں منوائیں گے عالم کفر کی سازشوں کا شکار رہیں گے ۔ دریں اثنا عید کے دوسرے روز دارالشفقت (یتیم خانہ ) لاہور کے دورے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ وزیراعظم نوازشریف دورہ امریکہ سے واپسی پر اگر ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو ساتھ لے آئیں تو ہم ان کا دورہ کامیاب سمجھیں گے ۔ سراج الحق نے کچھ وقت یتیم بچوں کے ساتھ گزارا اور بچوں کو تحائف پیش کیے۔ سراج الحق نے کہاکہ اس وقت ملک میں 42 لاکھ یتیم بچے ہیں جن کی تعلیم و تربیت ، کفالت اور رہائش کی ذمہ داری حکومت کی ہے ۔انہوں نے الخدمت فاؤنڈیشن کے پرورش یتامیٰ کے ادارے ’’ آغوش ‘‘ اور ’’دارالشفقت ‘‘ کی یتیم بچوں کے لیے خدمات کوزبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ یہ ادارے قومی فرض کو ادا کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے سینکڑوں لوگ قومی صو بائی اسمبلیوں ، سینیٹ اور بلدیاتی اداروں کے ممبر رہے ہیں مگر آج تک ان کے دامن پر کرپشن کا ایک بھی دھبہ نہیں جبکہ سابقہ اور موجودہ سیاستدانوں کے اربوں روپے کی کرپشن کے سکینڈلز کے قصے زبان زد عام ہیں ۔سراج الحق نے کہاکہ جماعت اسلامی پنجاب اور سندھ کے بلدیاتی انتخابات میں بھر پور شرکت کرے گی ۔ اب عوام کا امتحان ہے کہ وہ دیانتدارلوگوں کا ساتھ دیتے ہیں یا انہی سانپوں اور بچھوؤں کو دوبارہ اپنی گردنو ں پر سوار کرتے ہیں جو 68 سال سے انہیں ڈس رہے ہیں ۔

مزید : صفحہ آخر