بینظیر قتل کیس کے اہم گواہ مارک سیگل یکم اکتوبر کو ویڈیو لنک کے ذریعے گواہی دیں گے
راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک) انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے بے نظیر بھٹو قتل کیس کی سماعت یکم اکتوبر تک ملتوی کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق انسدادِ دہشتگردی کی عدالت کے جج ایوب مارتھ نے کیس کی سماعت کی، سماعت کے دوران تھانہ سٹی پولیس کی طرف سے بے نظیر بھٹو قتل کیس کا مال مقدمہ عدالت میں پیش کیاگیا ۔ مال مقدمہ میں خودکش بمبار کی جیکٹ، جوتے، پستول ، میگزین، گولیاں، ڈائری و دیگر سامان شامل تھا۔مالِ مقدمہ مکمل ہونے پر مقدمہ کے مدعی انسپکٹر کاشف ریاض کا بیان قلم بند کرکے جرح مکمل کرلی گئی ہے ۔ سماعت کیلئے پراسیکیوٹرایف آئی اے چوہدری اظہر، ملزموں میں سابق سی پی او سعود عزیزاور ایس پی خرم شہزاد بھی عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت نے انسپکٹر کاشف ریاض کا بیان قلم بند کرنے کے بعدمقدمے کی سماعت یکم اکتوبر تک ملتوی کردی ہے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر استغاثہ کے تین گواہوں کی طلبی کے سمن جاری کردیے ہیں جبکہ یکم اکتوبر کوکیس کے اہم گواہ امریکی صحافی مارک سیگل کا ویڈیو لنک کے ذریعے بیان قلم بند کیا جائے گا۔