ن لیگ یوتھ ونگ کا عہدیداراپنی ہی حکومت میں نظر بند ،ہائی کورٹ نے جواب مانگ لیا

ن لیگ یوتھ ونگ کا عہدیداراپنی ہی حکومت میں نظر بند ،ہائی کورٹ نے جواب مانگ لیا
ن لیگ یوتھ ونگ کا عہدیداراپنی ہی حکومت میں نظر بند ،ہائی کورٹ نے جواب مانگ لیا

  



لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ (ن)یوتھ ونگ کے سینئر نائب صدر کو کالعدم تنظیم کا سرگرم کارکن قرار دے کر نظر بند کرنے کے خلاف درخواست پر ڈی سی او ننکانہ صاحب سے جواب طلب کر لیا۔درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیاکہ اس کا بھائی مقصود معاویہ مسلم لیگ (ن)یوتھ ونگ ننکانہ کا سینئر نائب صدر ہے اور اس کاکسی کالعدم تنظیم سے کوئی تعلق نہیں ہے تاہم ڈی سی او ننکانہ نے مقصود معاویہ کو کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی کا سرگرم کارکن قرار دے کر 90دن کے لئے نظربندکردیا ، ڈی سی او کا یہ اقدام درخواست گزار کے بھائی کا سیاسی کیریئر تباہ کرنے کے مترادف ہے ، ڈی سی او نے مخالفین کے کہنے پر یہ اقدام کیا ہے ،نظربندی کالعدم کر کے بھائی مقصود معاویہ کو رہا کرنے کا حکم دیاجائے۔ 

عدالت نے ڈی سی اوننکانہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 5اکتوبر تک جواب طلب کر لیاہے، درخواست کے ساتھ مقصود معاویہ کی میاں نواز شریف اور میاںشہباز شریف کے ساتھ تصاویر، مقصود معاویہ کی حمایت میں مسلم (ن) لیگ کے ایم پی اے طارق محمود باجوہ سمیت مسلم لیگ (ن)کی مقامی قیادت کے بیان حلفی بھی منسلک ہیں۔

مزید : لاہور