پاک چین جوائنٹ کا اجلاس ،ایس ایم نوید بلامقابلہ صدر منتخب

پاک چین جوائنٹ کا اجلاس ،ایس ایم نوید بلامقابلہ صدر منتخب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(کامرس رپورٹر)پاک چین جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا سالانہ اجلاس عام آ ج یہاں چیمبر کے دفتر میں منعقد ہوا جس میں سال 2017-18 کیلئے منتخب ہونے والے نئے عہدیداروں اور اراکین مجلس عاملہ کے ناموں کا اعلان کیا گیااور چین کے قومی دن کی خوشی میں کیک بھی کاٹا گیا۔اس موقع پر چیمبر کے سبکدوش ہونے والے صدر مسٹر وانگ زہائی نے گزشتہ برس کی کارکردگی رپورٹ پیش کی اور چیمبر کے انتخابی نتائج کا رسمی اعلان کیا جس کے مطابق دین گروپ کے ڈائریکٹر ایس ایم نوید کو بلا مقابلہ صدر، چیف ایگزیکٹو ٹیک نکسس ڈاکٹر اقبال قریشی کو سینئر نائب صدر اور رانا محمود اقبال کو بلا مقابلہ نائب صدر قرار دیا گیا۔ جبکہ نومنتخب اراکین مجلس عاملہ میں معظم گھرکی، ڈاکٹر اقبال قریشی، عبدالوحید ساندل، رضوان نثار، ایس ایم نوید، داؤد احمد، رانا محمود اقبال، خرم شفیق ، محمد عرفان اور مسٹر وانگ زہائی کے ناموں کا اعلان کیا گیا۔اس موقع پر خطاب کر تے ہوئے پاک چین جوائینٹ چیمبر کے بانی صدر شاہ فیصل آفریدی نے نومنتخب عہدیداروں اور اراکین مجلس عاملہ کو مبارکباد پیش کی اور امید کی کہ وہ اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر چیمبر کے وقار میں اضافہ کریں گے۔ انہوں نے اپنے خطاب کے دوران سبکدوش ہونے والے صدر مسٹر وانگ زہائی کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیااور کہا کہ مسٹر وانگ کی فعال قیادت میں چیمبر کی نیک نامی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبرکا سالانہ اجلاس عام اور چین کا قومی دن ایک ساتھ منانا بھی پاک چین یکجہتی کا بہترین اظہار ہے۔ انہوں نے امید کی کہ چیمبر کے نومنتخب صدر ایس ایم نوید صنعت ، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں پاک چین یکججہتی کو فروغ دینے کیلئے نئے اقدامات اٹھائیں گے۔نومنتخب صدر ایس ایم نوید نے اپنے خطاب میں اعتراف کیا کہ مسٹر وانگ زہائی کی قیادت میں پاک چین جواینٹ چیمبر نے چین اور پاکستان کے عوام کو قریب تر لانے میں اقدامات اٹھائے گئے ہیں

انکی بدولت دونوں ممالک نے صنعت و حرفت کے ساتھ ساتھ سماجی ، تعلیمی اور ثقافتی شعبوں میں بھی باہمی تعلقات کو فروغ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مسٹر وانگ کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کو نہ صرف جاری رکھیں گے بلکہ ان میں مزید بہتری لانے کی بھی کوشش کریں گے۔اور اس ضمن میں پاکستان اور چین کے ارباب اختیار میں موجود مسٹر وانگ کے تعلقات سے بھرپور استفادہ کرتے رہیں گے۔

مزید :

کامرس -