صابن کی صنعت بڑھتی ہوئی سمگلنگ کی وجہ سے مسائل کا شکار ہے

صابن کی صنعت بڑھتی ہوئی سمگلنگ کی وجہ سے مسائل کا شکار ہے

  

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچوئلز فور م کے صدر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ دو لاکھ افراد کو روزگار اور حکومت کو 17 ارب روپے کے ٹیکس دینے والی صابن کی صنعت بے تحاشا درآمدات اور بڑھتی ہوئی سمگلنگ کی وجہ سے مسائل کا شکار ہے اور مقامی منڈی میں اس کا حصہ مسلسل کم ہو رہا ہے جس کا نوٹس لیا جائے، درآمدات اور سمگلنگ سے بھاری مقدار میں زرِمبادلہ بھی خرچ ہو رہا ہے جسے بچانے کی ضرورت ہے، اگر مقامی صنعت کو بچانے کیلئے فوری اقدامات نہ کئے گئے تو اس کا وجود خطرات سے دوچار ہو جائے گا جس سے روزگار اور محاصل کا نقصان ہو گا۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک میں بیوٹی سوپ، لانڈری سوپ، ٹائلیٹ سوپ اور ڈیٹرجنٹس کی سمگلنگ جاری ہے جبکہ ان کی درآمد بھی بڑھ رہی ہے جس نے مقامی صنعت کے مسائل میں اضافہ کر دیا ہے جبکہ قیمتی زرمبادلہ بھی ضائع ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صابن کی تیاری میں استعمال ہونے والے خام مال ٹیلو ،کوکونٹ، پام کرنل وغیرہ کوبھی سستاکرنے کی ضرورت ہے تاکہ یہ صنعت مسابقت کا سامناکر سکے او ر زرمبادلہ کما سکے۔ انہوں نے بتا یاکہ کئی کمرشل امپورٹرز کی جانب سے زبردست انڈر انوائسنگ کی وجہ سے اس مقامی صنعت کو اپنے ہی ملک میں مسابقت کے سنگین مسائل کا سامناہے جس نے اس صنعت کے پھیلاؤ کو روک رکھا ہے۔ ملک میں مختلف اقسام کے صابن کی کھپت 13 لاکھ ٹن سالانہ ہے۔ 80 فیصد خام مال درآمد کیا جاتا ہے جبکہ 20 فیصد خام مال ملک میں دستیاب ہے۔ خام مال کی درآمد میں بھی مسائل کا سامنا ہے جبکہ کئی ممالک تھرڈ کنٹری کے ذریعے اپنا مال پاکستان میں ڈمپ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں ایک سو اسی کے قریب صابن بنانے والے رجسٹرڈ کارخانے اور پانچ ہزار کے قریب غیر رجسٹر شدہ یونٹ کام کر رہے ہیں اور اس شعبہ میں مزید گنجائش موجود ہے مگر حکومت کو اس کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے جس میں سمگلنگ کی حوصلہ شکنی کو اولیت دینے کی ضرورت ہے۔ میاں زاہد حسین نے سوپ ایسوسی ایشن کے کردارکو سراہتے ہوئے پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فورم اور بزنس مین پینل کے پلیٹ فارم سے نومنتخب چےئر مین تنویر احمد صو فی،طار ق زکریا اور نوید فاروق آفریدی کو اس صنعت کی تر قی کیلئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ہے۔ میاں زاہد حسین نے سابق چےئرمین عبداللہ زکی اور ان کی کابینہ کو بھی خراج تحسین پیش کیا ہے۔

مزید :

کامرس -