آباد کے انتخابات‘ عارف یوسف جیوا چیئرمین منتخب

آباد کے انتخابات‘ عارف یوسف جیوا چیئرمین منتخب

  

کراچی(این این آئی) محمد عارف یوسف جیوا ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈویلپرز کے چیئرمین ، فیاض الیاس سینئر وائس چیءئرمین اور سہیل ورند وائس چیئرمین منتخب ہوگئے ہیں، محمد الطاف تائی کو سدرن ریجن کا چیئرمین اور ساجد سعید کو ناردرن ریجن کاچیئرمین منتخب کرلیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپر (آباد) کی جنرل باڈی کے اراکین کا سالانہ اجلاس جمعرات 27 ستمبر کو آباد ہاؤس کراچی میں منعقد ہوا ۔اجلاس میں تمام اراکین نے متفقہ رائے سے محمد عارف یوسف جیوا کو سال 2017-18 کے لیے آباد کا چیئرمین ، فیاض الیاس کو سینئر وائس چیئرمین اور سہیل ورند کو وائس چیئرمین منتخب کرلیا ہے۔اسی طرح محمد الطاف تائی آباد سدرن ریجن کے چیئرمیں منتخب ہوگئے جبکہ لاہور میں ہونے والے ناردر ریجن کے انتخابات میں ساجد سعید کو ناردرن ریجن کا چیئرمین اور حیدرآباد میں منعقدہ الیکشن میں محمد سلیم میمن کو سب ریجن حیدرآباد کا وائس چیئرمین منتخب کرلیا گیا ہے ۔نو منتخب چیئرمین محمد عارف یوسف جیوا نے تمام ممبران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کے تمام بلڈرز اور ڈیولپرز اور آباد ممبران کی توقعات پر پورا اترتے ہوئے بلا تفریق خدمت کریں گے اور تعمیراتی صنعت کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے

،انھوں نے کہا کہ آباد کی طاقت ممبران کے باہمی اتحاد پر منحصر ہے ،انھوں نے امید ظاہر کی آباد الیکشن میں ممبران نے جس اتحاد کا مظاہرہ کیا ہے وہ ہمیشہ برقرار رہے گا، ۔ سبکدوش ہونے والے چیئرمین آباد محسن شیخانی نے تمام نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ آباد ممبران کی فلاح و بہبور ،ممبران کے مسائل حل کرنے،تعمیراتی صنعت کو فروغ اور ملکی معیشت کے استحکام اور وطن عزیز کی حوشحالی کے لیے اپنی تمام صلاحیتوں کو استعمال کریں گے۔محسن شیخانی نے بتایا کہ ان کے دور میں تعمیراتی صنعت کومتعدد مسائل کا سامنا رہا جن میں پراپرٹی ویلیوایشن،ایف بی آر ٹکیسیشن اور سب سے بڑا مسئلہ کراچی میں کثیرالمنزلہ عمارتوں پر پابندی شامل ہے۔مجھے اپنی ٹیم پر فخر ہے کہ انھوں نے ان مسائل کے حل کے لیے جدوجہد کی ،بہت سے مسائل حل ہوگئے اور کئی مسائل جلد حل ہوجائیں گے۔انھوں نے کہا کہ عارف یوسف جیوا اور ان کی ٹیم انتہائی با صلاحیت ہے اور امید ہے کہ وہ آباد ممبران اور تعمیراتی صنعت کو درپیش مسائل حل کرنے میں کامیاب ہوں گے۔ اس موقع پر آباد کے نو منتخب سینئر وائس چیئرمین فیاض الیاس،وائس چیئرمین سہیل ورند،چییئرمین سدرن ریجن محمد الطاف تائی نے تمام ارکان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ بلڈرز اور ڈیولپرز کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔اسی اجلاس میں اراکین جنرل باڈی نے محمد عارف یوسف جیوا،فیاض الیاس، محمد حنیف گوہر، عبدالرحمٰن،فارغ ندیم، کلیم الزمان خان،ایم ادریس قدوائی، ایم جنید شیخانی، محمد رؤف چیپل، محمد صادق بلوچ، مستنصر زکی، نصرت مرزا چغتائی، راحیل رنچ، ذیشان صدیقی، سید اشرف حمید، سید خورشید عالم، انجینئر زہیر قادری بطور ممبران منتخب کیے گئے۔اسی طرح سدرن ریجن کے لیے دانش بن رؤف،غیاث الرحمٰن، ڈاکٹر طارق محمود، حنین جعفر بھنگڈا،عمران وہاب،منصور عزیز، عمر بن اسلام، طارق عزیز،زاہد اقبال اور سید الطاف حسین کو بطور ممبران چنا گیا۔آصف کمال، شیراز جے منو، پرویز چوہدری، ندیم ضیا پیرزادہ، ساحر رشید اور تعظیم احمد ناردرن ریجن جبکہ نظیر احمد ابڑو اور سلیم الدین قریشی کو سب ریجن حیدرآباد کے لیے بطور ممبران منتخب کیا گیا ہے۔

مزید :

کامرس -