چاند باغ سکول کواُنیسویں سالگرہ مبارک!

چاند باغ سکول کواُنیسویں سالگرہ مبارک!

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

21 ستمبر 1998ء کو سابق گورنر جنرل غلام جیلانی (مرحوم) نے مکمل اقامتی ادارے چاند باغ اسکول کی بنیاد رکھی جو اپنی منفرد روایات، پر فضا تعلیمی ماحول اور سہولیات کے اعتبار سے ایشیاء کے مکمل رہائشی اداروں میں اپنا ثانی نہیں رکھتا۔19سال کے مختصر عرصے میں ادارہ ہذا نے کامیابیوں کے کئی سنگ میل قائم کئے ہیں۔ علم و فن کے سفیر غلام جیلانی خاں (مرحوم) کے لگائے ہوئے اس پودے نے اب ایک پھل دار شجر کا روپ دھار لیا ہے جس سے پوری دنیا سے تشنگان علم اپنی اپنی استعداد کے مطابق علم کی پیاس بجھانے کے لئے آتے ہیں۔ یہاں پر رہنے والے تمام طلباء دنیا بھر کے تہذیب و ثقافت کے اس حسین سنگم سے بہت کچھ سیکھتے ہیں۔ تعلیمی صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ یہاں پر طلباء کے کردار اور شخصی خوبیوں پر ماہرین تعلیم کی زیر نگرانی خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔ 21 ستمبر 2017ء کو سالگرہ کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے امسال بھی صبح اسمبلی میں اسکول کے سب سے سینئر طالبعلم اور ہیڈ بوائے عثمان فیاض ا ور پانچویں جماعت کے سب سے جونیئر طالبعلم بہمن نے کیک کاٹ کر چاند باغ کی سالگرہ منائی۔ یہ تقریب اسکول کے دیدہ زیب اسپورٹس ہال میں منائی گئی۔ کیک کاٹنے کے دوران تمام طلباء اور اساتذہ کا جوش دیدنی تھا۔ ہال تالیوں سے گونج رہا تھا۔ اس پر مسرت موقع پر سکول کے پرنسپل ایئر کموڈور (ر) محمد طارق قریشی نے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے ادارے کے بانی غلام جیلانی خان (مرحوم ) کی مدبرشخصیت پر روشنی ڈالتے ہوئے ان کی علم و ادب سے محبت کے مختلف پہلوؤں کو بیان کیا اور غلام جیلانی خاں اور ادارے کے قیام میں شامل ان کے تمام ساتھیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ آخر میں ادارہ ہذا کی ترقی اور سلامتی کے لئے معلم شعبہ اسلامیات حافظ محمد ادریس صاحب نے دعا کروائی۔ بعد ازاں دوپہر کے کھانے پر ہر ہاؤس کے ڈائننگ ہال میں کیک کاٹنے کی رسم ادا کی گئی۔
***

مزید :

ایڈیشن 1 -