اورنج ٹرین کا 75فیصد تعمیراتی کام مکمل ، بوگیوں کی تقریب رونمائی کیلئے کمیٹی تشکیل

اورنج ٹرین کا 75فیصد تعمیراتی کام مکمل ، بوگیوں کی تقریب رونمائی کیلئے کمیٹی ...

  

لاہور( جنرل رپورٹر) وزیر اعلی پنجاب کے مشیر اور سٹیرنگ کمیٹی کے چیئرمین خواجہ احمد حسان نے بتایا ہے کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کا تین چوتھائی(75فیصد)تعمیراتی کام مکمل کر لیا گیا ہے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے لاہور پہنچنے پر پہلی میٹر وٹرین کی بوگیوں کی 7اکتوبر کو ہونے والی تقریب رونمائی کے انتظامات کے لئے خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی ہے ۔ ڈیرہ گجراں سے چوبرجی تک پیکیج ون کے 13میں سے 12سٹیشنوں پر الیکٹریکل و مکینکل ورکس بھی تیزی سے جاری ہے اور مجموعی طور پر ان تمام سٹیشنوں کا 77فیصد کام مکمل ہو نے کے بعد یہ بھی تکمیل کے قریب ہیں۔گزشتہ روز اورنج لائن منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے ہدایت کی کہ دیگر مقامات سے لیبر کو منتقل کر کے میٹرو ٹرین کے اسلام پارک اور سلامت پورہ سٹیشنوں کو 15اکتوبر تک ترجیحی بنیادوں پر ماڈل سٹیشن کے طور پر مکمل کیاجائے ۔انہوں نے ہدایت کی کہ میٹرو ٹرین کی بوگیوں کے لاہور میں داخلے سے قبل ڈیرہ گجراں ڈپو تک راستے کی سڑکوں کا سروے کر لیا جائے اور ٹریفک پولیس کی راہنمائی میں انہیں ڈپو تک پہنچایا جائے ۔ یوٹیلٹی سروسز کے دیگر محکمے بھی موقع کی مناسبت سے اپنے انتظامات مکمل کریں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ مجموعی طور پر منصوبے کا 75فیصد تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے ۔ڈیرہ گجراں سے چوبرجی تک پیکیج ون کا 86.5فیصد‘ چوبرجی سے علی ٹاؤن تک پیکیج ٹو کا 56فیصد ‘پیکیج تھری ڈپو کا 80فیصد جبکہ پیکیج فور سٹیبلینگ یارڈ کی تعمیر کا 77فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے ۔قائداعظم انٹر چینج کے قریب رنگ روڈ کے اوپر سے میٹرو ٹرین گزارنے کے لئے پل کی تعمیر کا97فیصد جبکہ پیرا شوٹ کالونی کے قریب ریلوے لائنوں کے اوپر میٹرو ٹرین کا راستہ تعمیر کرنے کے لئے دوسرے پل کا 75فیصد کام بھی مکمل کیا جا چکا ہے ۔ چوبرجی سے علی ٹاؤن تک پیکیج ٹو کے تعمیراتی کام میں بھی تیزی آئی ہے اور روزانہ اوسطاً سات یوٹب گرڈرز نصب کئے جا رہے ہیں ۔ جی ٹی روڈ پر میٹرو ٹرین کے ٹریک کے نیچے پودے لگانے اور سبزہ کاری کے لئے ہارٹی کلچر ورکس کا ڈیزائن پی ایچ اے کے حوالے کر دیا گیا ہے ۔ اجلاس میں ڈپٹی میئرنذیر خان سواتی ‘ جنرل منیجرآپریشنز پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی سید عزیر شاہ‘ جنرل منیجر نیسپاک سلمان حفیظ‘ چیف انجینئر ٹیپا سیف الرحمن اور لیسکو‘پی ٹی سی ایل ‘سوئی گیس ‘ ریلوے‘ ٹریفک پولیس ‘سول ڈیفنس‘ریسکیو112 اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلی افسران کے علاوہ منصوبے کے چینی کنٹریکٹر سی آر نورنکو اور چائنہ انجینئر نگ کنسلٹنس کے نمائندوں اور مقامی کنٹریکٹرز نے شرکت کی ۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -