نیشنل ہسٹری میوزیم پاکستان کی تاریخ کو ڈیجیٹل انداز میں پیش کرے گا : کمشنر

نیشنل ہسٹری میوزیم پاکستان کی تاریخ کو ڈیجیٹل انداز میں پیش کرے گا : کمشنر

  

لاہور(جنرل رپورٹر )کمشنر لاہور ڈویژن عبدا ﷲ خان سنبل نے کہا ہے کہ گزیٹر اقبال پارک میں نیشنل ہسٹری میوزیم صرف ایک میگا پراجیکٹ نہیں ہے بلکہ پاکستان میں اپنی نوعیت کا نہایت تاریخی ڈیجیٹل میوزیم بھی ہو گا جس کی تکمیل کے لیے ابتدائی حتمی تاریخ 25 دسمبر مقرر کی گئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی تنصیب ایک دقیق کام ہے جس کے لیے بہترین ذہن کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ہسٹری میوزیم سے منسلک ایمفی تھیٹر تیار ہے جبکہ کشتی رانی جھیل، میورل والز پر کام کی ڈیڈ لائن بھی مقرر کر دی گئی ہے۔کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے کہا کہ تاریخ کا مظہر نیشنل ہسٹری میوزیم گریٹر اقبال پارک کے فیز II کا سب سے اہم اور میگاپراجیکٹ ہے جو کہ بین الاقوامی معیار کے مطابق پاکستان کی تاریخ کے ہر موڑ اور منظر کو ڈیجیٹلی پیش کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ تہہ خانے میں سٹیزن آرکائیو آف پاکستان نے اپنا ورک اسٹیشن لگا کر کام شروع کر دیا ہے۔کمشنر لاہور ڈویژن عبدا ﷲ خان سنبل نے گریٹر اقبال پا رک میں زیر تعمیر منفرد و تاریخی نیشنل ہسٹری میوزیم کی تعمیر کے حوالے سے تکنیکی کاموں کے معیار اور ڈیزائن کے مطابق تعمیراتی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ میوزیم کی انٹیلی جنٹ ڈیجیٹل دیواریں اور اس کے مختلف حصے تحریک و قیام پاکستان اور آج کے پاکستان کو پیش کریں گی۔ انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ اپنی نوعیت کا منفرد آڈیو، ویڈیو اور ڈیجیٹل نیشنل ہسٹری میوزیم تحریک قیام پاکستان اور تاریخ پاکستان کے نادر و نمایاں پہلوؤں کو اجاگر کرے گا جبکہ ہیروز گیلری اور میورل والز تحریک پاکستان اور پاکستان کی نمایاں ترین شخصیات سے مزین ہوں گی۔ انہوں نے کہا نیشنل ہسٹری میوزیم ایمپی تھیٹر سے اوپن ڈور سرگرمیوں کو جلا ملے گی۔ کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے ان خیالات کا اظہار نیشنل ہسٹری میوزیم گریٹر اقبال پارک کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر عثمان خان خالد، پی ڈی گریٹر اقبال پارک چوہدری طاہر سلطان، جی ایم حبیب کنسٹرکشن سروسز مختار نذیر، منتظم سٹیزنز آرکائیو آف پاکستان ماروی مظہر، اے سی جنرل سید منور بخاری و دیگر افسران نے شرکت کی۔کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل کو اس موقع پر بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ نیشنل ہسٹری میوزیم سترھویں صدی عیسوی سے قیام پاکستان کے اہم تاریخی واقعات، نادر تاریخی اعداد و شمار، اہم تقاریر اور دیگر پہلوؤں کو مکمل طور پر ڈیجیٹل انداز میں پیش کرے گا جو تھری ڈی کی صورت میں سکرینوں پر نمودار ہوگا۔ نیشنل ہسٹری میوزیم قائداعظم محمد علی جناح، علامہ اقبال، سرسید احمد خان کی جدوجہد کو خصوصی طور پر پیش کرے گا۔ قیام پاکستان کے وقت مہاجرین کے حالات، ہنگاموں، انڈیا سے پاکستان ہجرت کے دوران پیش آنے والے اہم واقعات، قیام پاکستان میں خواتین کے کردار، قائداعظم کی تقاریر، 1947ء سے 2016ء تک کے اہم ترین کھیلوں کی معلومات سمیت پاکستان کی ثقافت کو ڈیجیٹلائزڈ صورت میں رکھا جائے گا۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -