پاکستانی معیشت کی ترقی کیلئے سیاحت کا شعبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے ،رانا مشہود

پاکستانی معیشت کی ترقی کیلئے سیاحت کا شعبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے ،رانا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود خاں نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں سیاحت کا شعبہ انڈسٹری کی شکل اختیار کر چکا ہے اور کئی ممالک کی معیشت کا دارومدارسیاحت پر ہے۔پاکستانی معیشت کی ترقی کیلئے سیاحت کا شعبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ قدرت نے پاکستان کو دنیا کے بہترین سیاحتی مقامات سے نوازا ہے۔مہر گڑھ، مہنجو داڑو، ہڑپہ اور ٹیکسلا کے قدیم آثار سمیت دنیا کے بہترین سیاحتی مقامات پاکستان میں پائے جاتے ہیں۔ اس حوالے سے حکومت پنجاب سیاحت کے فروغ کیلئے دن رات کوشاں ہے۔ جس سے پاکستان کا مثبت تاثر ابھر کر سامنے آیا ہے۔ اس ضمن میں یہ بات اطمینان بخش ہے کہ ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب نے صوبہ بھر میں سیاحت کے فروغ کیلئے پائیدار اقدامات کئے ہیں۔یہ بات انہوں نے گزشتہ روز الحمرا میں ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب کے زیراہتمام سیاحت کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
۔صوبائی وزیر رانا مشہود نے کہا کہ اس دن کو ہمیں تجدید عہد کے طور پر منانا ہے اورانفرادی اوراجتماعی سطح پر سیاحت کے شعبے کے فروغ کیلئے کلیدی کردار ادا کرنا ہے۔پاکستان ٹورازم کے ذریعے دنیا بھر میں اپنا لوہا منوا سکتا ہے۔انہوں نے تقریب میں شریک نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ پاکستان کے ایمبیسڈرز ہیں۔یہ جھنڈا ہماری پہچان ہے۔ہمیں پاکستان کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنا ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب میں سیاحت کے فروغ میں ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔محکمہ سیاحت ،سیاحت کے فروغ کیلئے ٹھوس اور جامع منصوبوں پر عمل پیرا ہے ۔ حکومت کے ویژن کے مطابق سیاحوں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ پنجاب ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے حالیہ اقدامات کو سیاحوں اور پبلک میں بہت پزیرائی ملی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل والڈ سٹی لاہوراتھارٹی کامران لاشاری نے اپنے خطاب کے دوران دنیا بھر میں پاکستان کے مثبت تاثر کیلئے ٹورازم، کلچر اور سپورٹس پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔منیجنگ ڈائریکٹر ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب احمر ملک نے ٹورازم ڈیپارٹمنٹ کی کاوشوں اور جاری منصوبوں سے متعلق بریفنگ دی ۔تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سمیت دانشوروں، ذرائع ابلاغ کے نمائندوں، این جی اوز ، سیاحت سے وابستہ تنظیموں اور اداروں نے بھی شرکت کی۔لارڈ میئر لاہورکرنل (ر) مبشر جاوید،مشیر وزیر اعلیٰ رائے حیدر علی، سیکرٹری ٹورازم نیئر اقبال اور چیئرمین ریوینو اتھارٹی ڈاکٹر راحیل صدیقی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔