پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے پس پردہ روابط ملک و قوم کے مفاد میں نہیں،مراد راس
لاہور(پ ر) پاکستان تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر مراد راس نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے پس پردہ روابط ملک و قوم کے مفاد میں نہیں دونوں جماعتیں ملک میں جاری کرپشن کے خلاف اقدامات کو سبوتاژ کرنا چاہتی ہے کیونکہ دونوں جماعتوں کی قیادت پر کرپشن کے سنگین الزامات ہیں۔
اپنے دفتر میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام کرپشن کے بے تاج بادشاہوں کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے دیکھنا چاہتی ہے۔ ملکی دولت لوٹنے والوں کو عوام نے مسترد کر دیا ہے۔ روایتی حکمرانوں نے ملک و قوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے کرپٹ عناصر کے لئے موثر جدوجہد کی جس کی وجہ سے عوام حکمرانوں کی کرپشن کو اچھی طرح جان چکے ہیں۔ اوپر سے شروع ہونے والا احتساب ملک و قوم کے مفاد میں ہے آئندہ کوئی ملکی دولت لوٹنے کی جرات نہیں کرے گا۔