کردحکومت تین دن کے اندرہوائی اڈوں کا کنٹرول حوالے کردے،عراقی وزیراعظم

کردحکومت تین دن کے اندرہوائی اڈوں کا کنٹرول حوالے کردے،عراقی وزیراعظم

  

بغداد(این این آئی)عراقی وزیرِ اعظم نے کردستان حکومت کو دھمکی دی ہے کہ وہ تین دن کے اندر اندر ہوائی اڈوں کا کنٹرول ان کے حوالے کر دیں ورنہ ہوائی ناکہ بندی کے لیے تیار ہو جائیں۔عراقی سرکاری ٹیلی ویڑن کے مطابق حیدر العبادی نے مطالبہ کیا کہ ترکی، شام اور ایران کے ساتھ تمام چوکیاں بغداد کی نگرانی میں دی جائیں۔دوسری جانب کردستان کے صدرمسعود بارزانی نے وزیرِ اعظم عبادی پر زور دیا کہ وہ 'مذاکرات کا دروازہ بند نہ کریں کہ کیوں کہ مذاکرات ہی سے مسائل حل ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ ہاں کا ووٹ آنے کا یہ مطلب نہیں ہے کہ فوری طور پر آزادی کا اعلان کر دیا جائے گا، البتہ اس سے انھیں بغداد اور ہمسایہ ملکوں کے ساتھ علیحدگی کے لیے مذاکرات کا مینڈیٹ مل جائے گا۔واضح رہے کہ یہ ریفرینڈم تین عراقی صوبوں میں منعقد کیا گیا تھا۔ کردش خبررساں ادارے کے مطابق ان علاقوں میں مقیم 52 لاکھ کردوں اور دوسرے لوگوں نے حصہ لیا۔ ابھی ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔کرد مشرقِ وسطیٰ کی چوتھی بڑی آبادی ہیں لیکن انھیں کبھی بھی خودمختار حیثیت نہیں مل سکی۔

مزید :

عالمی منظر -