پائیدار امن اور استحکام کیلئے نوجوان کو معیاری تعلیم کی فراہمی سے بہتر کوئی طرز فکر نہیں : جنرل باجوہ

پائیدار امن اور استحکام کیلئے نوجوان کو معیاری تعلیم کی فراہمی سے بہتر کوئی ...

  

راولپنڈی(این این آئی)چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاہے کہ پائیدار امن اور استحکام کیلئے نوجوانوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی سے بہتر کوئی اور طرز فکر نہیں ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گزشتہ روزسوات کا دورہ کیا اور آرمی پبلک سکول اینڈ کالج کانجو گریژن سوات کینٹ کا افتتاح کیا ۔ انتہائی جدید انفراسٹرکچر کے ساتھ 3600 طلباء کی گنجائش کے حامل سکول اینڈ کالج میں کمپیوٹر اور سائنس لیب ،آڈیٹوریم اور سپورٹس سٹیڈیم کی سہولیات میسر ہیں اور یہ سوات کے عوام کیلئے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں قربانیوں کے اعتراف میں پاک فوج کی طرف سے تحفہ ہے ۔ اس موقع پر طلبہ اساتذہ مقامی عمائدین اور انتظامیہ سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ پائیدار امن اور استحکام کیلئے نوجوانوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی سے بہتر کوئی اور طرز فکر نہیں ہے ۔ مقامی عمائدین نے سوات کینٹ اور آرمی پبلک سکول و کالج کے قیام پر پاک فوج کے سربراہ کا شکریہ ادا کیا ۔ اس موقع پر کور کمانڈر پشاور اور جی او سی مالا کنڈ بھی موجود تھے ۔

جنرل باجوہ

راولپنڈی(صباح نیوز)آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے دورہ مہمند ایجنسی میں 751 میٹر طویل نہکی ٹنل اور 41کلومیٹر طویل مہمند گیٹ روڈ کا افتتاح کیا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف نے گزشتہ روز مہمند ایجنسی کا دورہ کیا اس دوران جنرل قمرجاوید باجوہ نے 41کلومیٹرطویل شاہراہ مہمند گیٹ کا بھی افتتاح کیاجس کا14کلومیٹرحصہ تعمیر ہوچکاہے۔آرمی چیف نے751میٹر طویل نہکی ٹنل کا بھی افتتاح کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہاکہ ترقیاتی منصوبے ہی دیرپا اور پائیدارامن کے حصول کا ذریعہ ہیں۔چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے معیاری کام کرنے پرایف ڈبلیو او کے کردار کی تعریف کی ۔ آرمی چیف نے دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے تعاون پر قبائلی عمائدین کا شکریہ ادا کیا۔ترجمان کے مطابق ان منصوبوں پر ایف ڈبلیو اوکام کررہی ہے اس موقع پر قبائلی عمائدین نے سکیورٹی کی فراہمی اور علاقے میں جاری ترقیاتی کاموں پر چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کا شکریہ ادا کیا ۔ اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا انجینئر اقبال ظفرجھگڑاکور کمانڈر پشاور اور ڈی جی ایف ڈبلیو او بھی موجود تھے ۔

آرمی چیف

مزید :

صفحہ اول -