پاکستان کیلئے بوجھ حافظ سعید نہیں خواجہ آصف جیسے لوگ ہیں، عبدالرحمن مکی

پاکستان کیلئے بوجھ حافظ سعید نہیں خواجہ آصف جیسے لوگ ہیں، عبدالرحمن مکی

  

لاہور( ایجوکیشن رپورٹر) جماعۃالدعوۃ سیاسی امور کے سربراہ پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی نے وزیر خارجہ خواجہ آصف کی طرف سے امریکہ میں حافظ محمد سعید سے متعلق دیے گئے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بھارت و امریکہ کی خوشنودی حاصل کرنے کی کوشش قرار دیا اور کہا ہے کہ پاکستان کیلئے بوجھ حافظ محمد سعید نہیں خواجہ آصف جیسے لوگ ہیں جن کی بھارت نوازی اور غلامانہ پالیسیوں کی وجہ سے وطن عزیزپاکستان کا وقار پوری دنیا میں مجروح ہو رہا ہے۔امریکہ میں بیٹھ کر بھارتی زبان بولنے والے خواجہ آصف ملک کیلئے سکیورٹی رسک بن چکے ہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ خواجہ آصف کی جانب سے حافظ محمد سعید کے وائٹ ہاؤس میں دعوتیں اڑانے کی بے بنیاد الزام تراشیوں پران کیخلاف قانونی کاروائی کریں گے۔ خواجہ آصف کو بھارتی خوشنودی کیلئے لگائے گئے اس قسم کے بے ہودہ الزامات پر قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔ انہیں بھارتی دہشت گردی اور کلبھوشن نیٹ ورک کیخلاف ایک لفظ تک بولنے کی جرا ت نہیں ہوئی اورحافظ محمد سعید جیسے پاکستان کے محسنوں کیخلاف گمراہ کن پراپیگنڈا کرکے مودی سرکار کو خوش کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ پہلے چار سال تک ملک کا کوئی وزیر خارجہ نہیں تھا لیکن سابق وزیر اعظم کی عدالت سے نااہلی کے بعد ایسے شخص کو وزیر خارجہ بنا دیا گیا جو امریکہ میں بیٹھ کر بھارتی زبان بولنے میں فخر محسوس کرتے ہیں۔ بیرون ممالک جا کر آئے دن پاکستان کی بدنامی کا باعث بننے والے خواجہ آصف کسی طور وزارت خارجہ کے اہل نہیں ‘ انہیں جب سے یہ منصب سونپا گیا ہے ملک کیلئے بین الاقوامی سطح پر نت نئے مسائل کھڑے ہو رہے ہیں۔ پاکستان کے گلے کا ہار بننے والے نااہل وزیر کو فوری برطرف کیا جائے۔ حافظ محمد سعید پاکستانی شہری ہیں جن کا جینا مرنا پاکستان میں ہے۔وائٹ ہاؤس میں دعوتیں اڑانے کی الزام تراشیوں سے ان کی جان اب آسانی سے نہیں چھوٹے گی۔انہیں عدالتوں میں بھارتی خوشنودی کیلئے لگائے گئے جھوٹے الزامات کو ثابت کرنا ہو گا۔ خواجہ آصف ملک میں بھارتی ایجنڈاآگے بڑھا رہے ہیں۔ پہلے گھر کی صفائی کی باتیں کر کے عالمی سطح پر پاکستان کو مشکلات سے دوچار کیا گیا اور اب امریکہ جاکر اپنی حکومت بچانے کیلئے منتیں کی جارہی ہیں۔ غیور پاکستانی قوم کو ایسا نااہل وزیر خارجہ نہیں چاہیے جومودی سے دوستی پروان چڑھانے کیلئے پاکستان کی عزت اور وقار خاک میں ملانے والا ہو۔ ہزاروں مسلمانوں کے قاتل مودی کو رائیونڈ بلانے اور راکے ایجنٹوں سے مری میں ملاقاتیں کرنے والے پاکستان کیلئے سکیورٹی رسک بن چکے ہیں۔جماعت الدعوہ اسلام آباد کے مسؤل شفیق الرحمن نے کہا کہ خواجہ آصف کے بیانات سے لگتا ہے کہ وہ پاکستان نہیں بلکہ بھارت کے وزیر خارجہ ہیں ، بھارت کی خوشنودی کے لیے وزیر خارجہ خواجہ آصف پاکستان کی سالمیت کے خلاف بیانات دے رہے ہیں ، حافظ سعید نے زندگی بھر امریکہ کا سفر نہیں کیا ، وائٹ ہاؤس میں دعوتیں اڑانے کا بیان دے کر خواجہ آصف نے قوم کے ساتھ بددیانتی کی ہے ۔

جماعۃ الدعوۃ

مزید :

صفحہ اول -