بھارت کسی غلط فہمی نہ رہے ، پاکستان منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے : شہباز شریف

بھارت کسی غلط فہمی نہ رہے ، پاکستان منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے : ...

  

لاہور(جنرل رپورٹر)شہبازشریف نے لائن آف کنٹرول پر نکیال سیکٹر پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے ۔وزیراعلی نے بھارتی فائرنگ سے ایک شہری کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور شہید شہری کے لواحقین سے دلی ہمدردی اوراظہار تعزیت کیا ہے۔وزیراعلی نے زخمی افراد کی جلد صحت یابی کے لئے دعا بھی کی ہے ۔ وزیر اعلی نے کہا کہ بھارتی فوج کا شہری آبادی کونشانہ بنانا انتہائی قابل مذمت فعل ہے۔بھارت انسانی حقوق کی صریحاً خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہبھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے، پاکستان کی بہادر مسلح افواج بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے اور پاکستان کی پوری قوم اپنی بہاد ر افواج کے سا تھ ہے۔دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے چائنہ ریلوے کنسٹرکشن کارپوریشن انٹرنیشنل کے اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی۔ چینی وفدنے پنجاب میں انفراسٹرکچر سیکٹر اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری اور تعاون بڑھانے میں دلچسپی کا اظہارکیا۔ چائنہ ریلوے کنسٹرکشن کارپوریشن انٹرنیشنل کے چیئرمین و صدر زو لی نے وزیراعلیٰ شہبازشریف کی غیرمعمولی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف نے پاکستان اور چین کے مابین تعلقات کو معاشی تعاون میں بدلنے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور وزیراعلیٰ شہبازشریف اپنی محنت اور صلاحیتوں کی بنا پر چین میں بھی بہت مقبول ہیں۔ چینی عوام شہبازشریف کے کام کی بہت قدر کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کے منصوبوں کی تیز رفتار اور شفافیت سے تکمیل کیلئے شہبازشریف نے دن رات کام کیا ہے۔ پاکستان اور چین کے عوام کی دوستی بے مثال ہے اورہم وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب حکومت کے ساتھ انفراسٹرکچرز اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ’’پنجاب سپیڈ‘‘ کے تحت منصوبوں پر عملدرآمد کریں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے چینی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی اقوام عالم کیلئے مثال بن چکی ہے اوردونوں ممالک میں مضبوط معاشی تعاون موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈورکے باعث ناصرف پاک چین تعلقات نئی بلندیوں کو چھورہے ہیں بلکہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے دروازے کھلے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سی پیک چین کے صدر شی جن پنگ اور چینی حکومت کا پاکستان کے عوام کیلئے ایسا انمول تحفہ ہے جس نے پاک چین دوستی کو مضبوط سے مضبوط تر بنایا ہے ۔ پاکستانی عوا م چین کے اس بے مثال معاشی تعاون کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت پنجاب سمیت پاکستان بھر میں توانائی، انفراسٹرکچر اور ٹرانسپورٹ کے منصوبوں پر غیرمعمولی رفتار سے کام کیا گیا ہے اورتوانائی کے کئی منصوبوں کی تکمیل سے ہزاروں میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ 1320 میگاواٹ کے ساہیوال کول پاور پراجیکٹ نے تیزرفتاری سے تکمیل کا عالمی ریکارڈ توڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت چین کی اربوں روپے کی سرمایہ کاری کے باعث معیشت مستحکم ہوئی ہے۔معاشی و تجارتی سرگرمیاں بڑھنے سے روزگار کے لاکھوں نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کے لئے انتہائی سازگار فضا موجود ہے۔ چینی کمپنی کو پنجاب میں خوش آمدید کہتے ہیں۔چینی کمپنی پنجاب میں کھلے دل سے سرمایہ کاری کرے اسے ہر طرح کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ چینی وفد کی قیادت چائنہ ریلوے کنسٹرکشن کارپوریشن انٹرنیشنل کے چیئرمین و صدر زو لی کر رہے تھے۔چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، سیکرٹری ہاؤسنگ، مینیجنگ ڈائریکٹر پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پرموجود تھے۔

مزید :

صفحہ اول -