عمران خان کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی 12 اکتوبر تک ملتوی

عمران خان کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی 12 اکتوبر تک ملتوی

  

اسلام آباد(آن لائن)الیکشن کمیشن نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی 12 اکتوبر کے لئے ملتوی کردی ہے۔ چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا کی سربراہی میں 4 رکنی کمیشن نے توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔عمران خان کے وکیل بابر اعوان الیکشن کمیشن میں پیش نہ ہوئے جن کی جگہ شاہد گوندل ایڈووکیٹ نے عمران خان کی نمائندگی کی۔سماعت کے دوران چیف الیکشن کمشنر نے عمران خان کے وکیل سے سوال کیا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیر سماعت کیس کی کیا پوزیشن ہے جس پر وکیل نے کہا کہ عدالت نے 11 اکتوبر تک معاملے کی سماعت ملتوی کی ہے۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ہمیں ابھی تک اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم نامے کی کاپی موصول نہیں ہوئی۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ اگر 12 اکتوبر تک اسلام آباد ہائی کورٹ نے فیصلہ نہ کیا تو الیکشن کمیشن اپنا حکم جاری کر دے گا۔ جس کے بعد الیکشن کمیشن نے عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی 12 اکتوبر تک کے لئے ملتوی کردی۔خیال رہے کہ تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن میں عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔گزشتہ سماعت پر عمران خان کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیا تھا کہ الیکشن کمیشن کا احترام کرتا ہوں اور آئینی اداروں کی بالادستی پر یقین ہے، میرے وکیل نے جو معافی نامہ جمع کرایا وہی میرا موقف ہے۔

مزید :

صفحہ اول -