سعودی عرب ،چوری کی 45 وارداتوں میں ملوث پاکستانی باشندوں کا گروہ گرفتار

سعودی عرب ،چوری کی 45 وارداتوں میں ملوث پاکستانی باشندوں کا گروہ گرفتار

  

ریاض(این این آئی) سعودی عرب میں ریاض صوبے کی پولیس نے مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث پاکستانی باشندوں کا ایک گروہ پکڑ نے کا انکشاف کیا ہے۔ گروہ کے افراد نے سیکیورٹی اہلکار بن کر اپنے ہتھے چڑھنے والے ہر شخص کو مار پیٹ اور تشدد کا نشانہ بنایا۔ اس کے علاوہ اس گروہ نے چوری کی 45 وارداتیں بھی کیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ریاض صوبے کی پولیس کے میڈیا ترجمان نے بتایاکہ کچھ عرصہ قبل دارالحکومت کے علاقے منفوحہ کے پولیس سٹیشن پر 2 پاکستانیوں نے اطلاع دی کہ انہیں سیکیورٹی اہلکار کے روپ میں نامعلوم افراد نے حراست میں رکھا اور تشدد کا نشانہ بنایا۔ اس کے علاوہ اسلحے کے زور پر 10250 ریال اور 5000 ریال مالیت کے موبائل ریچارج کارڈ بھی چھین لیے،یہ کارڈ اُس شاپنگ سٹور کے تھے جہاں مذکورہ دونوں پاکستانی کام کرتے ہیں۔ بعد ازاں دیگر غیر ملکیوں کی جانب سے یہ اطلاع دی گئی کہ انہیں بھی نامعلوم افراد نے اسلحے کے زور پر مار پیٹ اور تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ ان اطلاعات میں بتائی گئی تفصیلات پہلی اطلاع کے طریقہ کار سے ملتی جلتی تھیں۔ منظم حکمت عملی مرتب کر کے گھات لگا کر ان نامعلوم افراد کو گرفتار کیا گیا تو معلوم ہوا کہ یہ5 افراد پر مشتمل گروہ ہے اور تمام افراد پاکستانی شہریت رکھتے ہیں۔گرفتار افراد کے قبضے سے نشہ آور حشیش ، وائرلیس سیٹ ، 22 موبائل فونز ، تشدد کے لئے استعمال کیے جانے والے 2 کوڑے ، 6861 سعودی ریال برآمد کر لیے گئے۔ تحقیقات کے دوران گروہ کے تمام ارکان نے مجرمانہ کارروائیوں کا اعتراف کر لیا اور بتایا کہ وہ پلاسٹک کے جعلی ہتھیاروں کے ذریعے لوگوں کو قابو کرتے تھے۔ ملزموں کو قانونی کارروائی کے لئے عدالت میں پیش کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔

گروہ گرفتار

مزید :

صفحہ اول -